سانحہ مستونگ نے دہشتگردوں کی ٹوٹی کمر پر سوالات اٹھادیے، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک  پير 16 جولائی 2018
الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادی جائیگی، بلاول بھٹو۔ فوٹو : فائل

الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادی جائیگی، بلاول بھٹو۔ فوٹو : فائل

کوئٹہ: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کی کمرتوڑدی گئی ہے لیکن سانحہ مستونگ نے بہت سے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابی ماحول میں سکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیے، بلوچستان میں سیاسی جماعتوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے شکایات ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں بتایا گیا تھا کہ دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے مگر سانحہ مستونگ نے بہت سے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔  اب الیکشن خوف کے ماحول میں لڑا جارہا ہے تاہم الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنادی جائیگی جب کہ سانحہ مستونگ کے تمام شہدا کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ نظریاتی اختلاف ہے، عام انتخابات کے بعد اگر پیپلز پارٹی کو کسی جماعت کے ساتھ اتحاد کرنا پڑا تو دیکھیں گے کہ کون سی پارٹی ہمارے منشور پر عملدرآمد کرا سکتی ہے۔

اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری کوئٹہ میں سراوان ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے مستونگ دھماکے میں شہید سراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔