اور اب گوگل میپ سے پٹرول اور وقت کی بچت

ویب ڈیسک  پير 16 جولائی 2018
گوگل میپ سے اب طے کیا جانے والا فاصلہ بھی ناپا جا سکتا ہے۔ فوٹو : فائل

گوگل میپ سے اب طے کیا جانے والا فاصلہ بھی ناپا جا سکتا ہے۔ فوٹو : فائل

اب گوگل میپ منزل مقصود تک پہنچنے کے لیے ممکنہ تمام راستوں میں سے سب سے مختصر راستہ تجویز کرکے صارفین کا پٹرول اور وقت بچایا کرے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گوگل نے اپنے فیچر گوگل میپ میں تبدیلی کرتے ہوئے صارفین کو بہتر اور جیب پر بھاری نہ پڑنے والا نیا فیچر متعارف کرایا ہے اس فیچر کے استعمال سے صارفین اپنی منزل مقصود تک پہنچنے کے لیے سب سے مختصر راستے کا انتخاب کرسکیں گے جس سے وقت اور پٹرول کی بچت ہوگی۔

قبل ازیں اس فیچر سے صرف ’رُوٹ‘ کا تعین کیا جاسکتا تھا جو منزل مقصود کی جانب سمت کی رہنمائی فراہم کرتا تھا لیکن اس دوران طے کرنے والے فاصلے کو ناپا نہیں جا سکتا تھا۔ صارف کی اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اب گوگل میپ نہ صرف منزل مقصود کی جانب والے تمام ممکنہ راستوں کی رہنمائی کرے گا بلکہ ساتھ ساتھ  منزل تک پہنچنے میں طے ہونے والا فاصلہ بھی بتائے گا۔

اس فیچر سے فائدہ اُٹھانے کے لیے صارفین کو اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر سے گوگل میپ پر کلک کرنا ہوگا، اسٹارٹنگ پوائنٹ کو زوم کرکے رائٹ کلک کریں اور Measure  کا انتخاب کرلیں جس کے بعد جس مقام پر جانا ہو اسے سلیکٹ کر کے یہی عمل دہرائیں اور ساتھ ہی Distance  کو بھی سلیکٹ کرلیں۔

اس طرح گوگل میپ تمام راستوں کے درمیان فاصلہ بھی بتا دے گا اور صارف مختصر ترین رُوٹ منتخب کر کے وقت اور پٹرول کی بچت کے ساتھ منزل مقصود تک پہنچ جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔