ایک گلاس پانی اور ایک چمچہ چینی کا گھریلو شربت انرجی ڈرنک سے بہتر ہے، ماہرین

ویب ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
جسم کو فوری طور پر توانائی فراہم کرنے والا یہ گھریلو مشروب نہایت مفید ہے۔ فوٹو : فائل

جسم کو فوری طور پر توانائی فراہم کرنے والا یہ گھریلو مشروب نہایت مفید ہے۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: ماہرین غذائیات کا کہنا ہے کہ نڈھال اور نحیف جسم کو توانائی کی فراہمی کےلیے ایک گلاس پانی میں ایک چمچہ چینی ملا گھریلو مشروب بہترین حل ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیٹرا پیک جوس، کولڈ ڈرنکس اور انرجی ڈرنکس کے مقابلے میں گھر میں تیار کردہ مشروب جس میں ایک گلاس پانی میں ایک چمچہ چینی ملائی جائے تو وہ زیادہ مفید ہے۔ ٹیٹرا پیک ڈرنکس صحت کےلیے نقصان دہ ہوسکتی ہیں اور جیب پر بھی بھاری ثابت ہوتی ہیں تاہم گھریلو مشروب اس سے زیادہ توانائی رکھتا ہے۔

ہمارا جسم توانائی حاصل کرنے کےلیے کاربوہائیڈریٹس کو نظام ہاضمہ کے ذریعے توانائی سے بھرپور گلوکوز میں تبدیل کرتا ہے۔ تاہم اس عمل میں دو سے تین گھنٹے لگ سکتے ہیں چنانچہ فوری توانائی حاصل کرنے کےلیے انرجی ڈرنکس کا استعمال کیا جانے لگا ہے لیکن ان کے مضر اثرات کے باعث ماہرین انرجی ڈرنکس کے استعمال سے منع کرتے ہیں۔

امریکی تحقیقی جریدے فزیالوجی اینڈوکرائینولوجی اینڈ میٹابولزم میں شائع ہونے والی تحقیق سے بھی ثابت ہوا ہے کہ گھر میں تیار کردہ مشروب کسی بھی اسپورٹس ڈرنک سے زیادہ بہتر ثابت ہوتا ہے جبکہ اس گھریلو مشروب کے مضر اثرات بھی نہیں اور یہ نظام ہاضمہ پر بوجھ بنے بغیر نہایت آسانی سے ہضم بھی ہوجاتا ہے۔ ورزش سے قبل اس گھریلو مشروب کے استعمال سے تھکاوٹ اور جسم میں درد کی شکایت بھی نہیں ہوتی۔

واضح رہے کہ گھروں میں عام طور پر نقاہت اور کمزوری فوری طور پر دور کرنے کےلیے ایک گلاس پانی میں ایک چمچہ شکر اور تھوڑا سا نمک ملا کر پیا جاتا ہے جس سے تھوڑی ہی دیر میں افاقہ ہوتا ہے۔ البتہ یہ صرف ایسے افراد کےلیے مفید ہے جو ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض نہ ہوں۔

اسی طرح ذیابیطس کے مریض بھی چینی ملا ہوا گھریلو مشروب ہر گز استعمال نہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔