احتساب عدالت کے جج کی نواز شریف کے خلاف مزید 2 ریفرنسز کی سماعت سے معذرت

ویب ڈیسک  پير 16 جولائی 2018
العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعتیں دیگر عدالت منتقل کردی جائیں، جج (فوٹو : فائل)

العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعتیں دیگر عدالت منتقل کردی جائیں، جج (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ دینے والے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے خلاف مزید 2 ریفرنسز کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت چاہے تو میرا ٹرانسفر کردے۔

ذرائع کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف کے خلاف مزید 2 ریفرنسز کی سماعت سے معذرت کرلی۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک خط اسلام آباد ہائی کورٹ بھیجا تھا جو ہائی کورٹ کو موصول ہوگیا۔

خط میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا ہے کہ میں ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کرچکا ہوں اور اب العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت نہیں کرسکتا ہائی کورٹ چاہے تو مجھے ٹرانسفر کردے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ان دونوں ریفرنسز کی سماعتیں دوسری عدالت منتقل کردی جائیں کیوں کہ نواز شریف کے وکیل نے بھی مجھ پر اعتراض کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔