گاؤں والوں کا انتقام؛ انسانی جان کے بدلے 300 مگرمچھ مار ڈالے

ویب ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
انڈونیشیا میں مگرمچھوں کے حملے سے 48 سالہ شخص ہلاک ہوگیا تھا۔  (فوٹو: انڈونیشی میڈیا)

انڈونیشیا میں مگرمچھوں کے حملے سے 48 سالہ شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ (فوٹو: انڈونیشی میڈیا)

جکارتہ: انڈونیشیا میں مشتعل گاؤں والوں نے مگرمچھ کے حملوں سے ہلاک ہونے والے شخص کا بدلہ لینے کے لیے 300 مگرمچھوں کو مار ڈالا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے مشرقی صوبے ویسٹ پاپوا کے ڈسٹرکٹ سورونگ  کے گاؤں میں اُس وقت حیران کن واقعہ دیکھنے میں آیا جب گاؤں کے لوگوں نے مگرمچھ کے ہاتھوں قتل ہونے والے شخص کا بدلہ 300 مگرمچھوں کو مار کر لیا۔

انڈونیشیا کے قدرتی وسائل کے تحفظ کی ایجنسی کے سربراہ بصر منولنگ نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 48 سالہ شخص مگرمچھوں کے فارم ہاؤس میں اپنے جانوروں کے لیے گھانس لینے گیا جہاں اُس پر مگرمچھوں نے حملہ کردیا۔

اس دوران قریب موجود ایک ملازم نے مدد کے لیے کسی کو پکارتے ہوئے سنا تو وہ فوری وہاں گیا اور دیکھا کہ مگرمچھ اس شخص پر حملہ کر رہے ہیں۔

سربراہ بصر منولنگ نے بتایا کہ بزرگ کو مذہبی رسومات کی روشنی میں دفنانے کے بعد گاؤں کے لوگ طیش میں آگئے اور بدلہ لینے کی غرض سے فارم میں داخل ہوگئے اور وہاں موجود 292 مگرمچھوں کو بیلچوں، چھریوں اور ہتھوڑوں کی مدد سے حملہ کرکے ہلاک کردیا۔

بصر منولنگ کا کہنا تھا کہ کھارے پانی اور نیو گوئنیا کے مگرمچھوں کی نسل کی پیداوار کے لیے مگرمچھ کے فارم کو باقاعدہ طور پر 2013ء میں لائسنس جاری کیا گیا تھا تاکہ وہ اُن کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دیگر جانوروں کی فصلیں بھی تیار کرسکیں۔

دوسری جانب پولیس نے کہا ہے کہ اتنے بڑے مشتعل ہجوم کو روکنے میں ناکام رہے تاہم اب ان لوگوں کے خلاف مقدمے درج کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔