گھر میں جوتے پہننا منع ہے، جاپانیوں کی رسم صحت کے لیے مفید

 منگل 17 جولائی 2018
جاپانی اپنے جوتے گھر کے اندرونی حصے سے باہر ہی رکھتے ہیں فوٹو : فائل

جاپانی اپنے جوتے گھر کے اندرونی حصے سے باہر ہی رکھتے ہیں فوٹو : فائل

ٹوکیو: جاپانیوں کے رسوم و رواج خاصے دلچسپ ہیں اور ان کے کلچر کی کچھ باتیں تو دنیا کے لیے اچھنبے کی حیثیت رکھتی ہیں، گھر کے اندر جوتے نہ پہننا بھی ایک ایسی ہی بات ہے جسے اب سائنس دانوں نے اسے انسانی صحت کے لیے مفید قرار دیا ہے۔

جاپانی لوگ باہر سے آتے ہیں تو اپنے جوتے گھر کے اندرونی حصے سے باہر ہی رکھتے ہیں۔ گھر کے اندر یا تو ننگے پاؤں چلتے پھرتے ہیں یا ایسے جوتے استعمال کرتے ہیں جو ہمیشہ گھر کے اندر ہی رہتے ہیں۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جاپانیوں کی یہ عادت محض روایت کا حصہ نہیں بلکہ بے پناہ طبی فوائد کی حامل بھی ہے کیونکہ باہر استعمال ہونے والے جوتوں کو گھر کے اندر استعمال کرنا طرح طرح کی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

یونیورسٹی آف ایروزونا کے سائنس دانوں نے ایک تحقیق میں معلوم کیا ہے کہ جب ہم باہر سے گھر کے اندر آتے ہیں تو ہمارے جوتوں کے تلووں پر تقریباً 4لاکھ 21ہزار مختلف اقسام کے بیکٹیریا موجود ہوتے ہیں۔ یہ بیکٹیریا تقریباً 96 فیصد جوتوں کے تلووں پر پائے گئے۔ ان میں کلیبسیلا نمونیا جو پیشاب کی نالی کا انفیکشن پیدا کرتا ہے اورسراتیا فکاریا جو سانس کی انفیکشن پید اکرتا ہے اور ای کولی جیسے بیکٹیریا بھی پائے گئے جو نظام انہظام کی بیماریاں پیدا کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیکٹیریا سڑکوں پر ، ریستورانوں میں، فٹ پاتھ پر، باغیچوں میں، غرض ہر جگہ موجود ہوتے اور ہمارے جوتوں کے ساتھ گھر میں بھی آ جاتے ہیں۔ اس مسئلے کا ایک حل تو یہ ہے کہ آپ اپنے جوتوں کو گھر میں داخل ہونے سے پہلے جراثیم کش محلول کے ساتھ دھوئیں۔ اگر انہیں ویسے ہی اندر لے آئیں تو پھر فرش کو بھی اسی طرح دھوئیں۔

یہ ایک مشکل کام ہے لہٰذا اس کا آسان حل یہ ہے کہ باہر استعمال ہونے والے جوتے گھر کے اندرونی حصے میں نہ لائیں۔ گھر کے اندر آپ جاپانیوں کی طرح ننگے پاؤں چل پھر سکتے ہیں یا ایسے جوتے استعمال کرسکتے ہیں جو صرف گھر میں ہی استعمال ہوں اور کبھی بھی باہر نہ لے جائے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔