زمبابوے کے خلاف قومی پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا اشارہ

اسپورٹس ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
اننگز کے اختتام تک بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلانے کا پلان تھا، فخر زمان
 فوٹو: فائل

اننگز کے اختتام تک بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلانے کا پلان تھا، فخر زمان فوٹو: فائل

بولاوایو: سرفرازاحمد نے تیسرے میچ کے بعد پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا اشارہ دیدیا،پاکستانی کپتان نے کہاکہ عثمان شنواری کی بولنگ میں مسلسل نکھار آرہا ہے،اوپنرز کی ثابت قدمی کی بدولت ہدف حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی،فخرزمان فتح کا مشن مکمل کرنے پر مسرور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں بھی زمبابوے کو آؤٹ کلاس کر دیا،کپتان سرفراز احمد نے بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تیسرے میچ میں فتح کے ساتھ سیریز اپنے نام کرنے کے بعد پلیئنگ  الیون میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے،انھوں نے کہا کہ جیت کا مشن مکمل کرنے کے بعد بنچ پاور کو بھی میدان میں اترنے کا موقع دیں گے، انھوں نے کہا کہ عثمان شنواری نے انجری سے بحالی کے بعد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،سری لنکا کیخلاف فلیٹ پچ پر 4وکٹیں حاصل کرنے والے پیسر کی بولنگ میں مسلسل بہتری آرہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اوپنرز نے پُراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، امام الحق کی رخصتی کے بعد بابر اعظم نے ان فارم فخرزمان کا ساتھ دیا،فیلڈنگ میں تھوڑے بہت مسائل ہیں،مجموعی طور پر ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے۔

مین آف دی میچ فخرزمان نے کہاکہ میں اچھی فارم میں ہوں،100فیصد کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں تو رنز بنانا مشکل نہیں ہوتا،میرا پلان تھا کہ اننگز کے اختتام  تک بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی فتح کیلیے آسان راستہ بناؤں،اس مقصد میں کامیاب رہا،زیر لب مسکراہٹ کے ساتھ فخرزمان نے کہا کہ امام الحق بدقسمت رہے کہ رن آؤٹ ہوگئے۔زمبابوین کپتان ہیملٹن مساکیڈزا نے کہا کہ ہمارے لیے یہ ایک مشکل دن تھا،پاکستان کو بہتر ہدف دیتے تو بولرز مقابلہ کرسکتے تھے،ہماری وکٹیں تسلسل کے ساتھ گرتی رہیں،میں خود بھی غلط موقع پر آؤٹ ہوا،اب پوری کوشش کریں گے کہ اگلے مقابلے یکطرفہ نہ ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔