کیلیان میباپے بطورنئے سپراسٹارابھرکر سامنے آگئے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
فرنچ پلیئر نے محض19برس کی عمر میں شاندار کھیل سے سب کے دل موہ لیے

فرنچ پلیئر نے محض19برس کی عمر میں شاندار کھیل سے سب کے دل موہ لیے

پیرس: ورلڈ چیمپئن فرنچ فٹبال ٹیم کے کیلیان میباپے نئے سپراسٹار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

اگرچہ ان کی عمر ابھی محض 19 برس ہے مگر انھوں نے سب کے دل موہ لیے ہیں،ماسکو میں گذشتہ دنوں ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس نے کروشیا کو دلچسپ مقابلے میں 4-2 سے شکست دے کر دوسری بار دنیائے فٹبال کی بادشاہت حاصل کی تھی ،موجودہ ٹیم کو یکجہتی کی بہترین مثال قرار دیا جارہا ہے، جس میں پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے میپابے اور پال پوگبا بھی شامل رہے، فرنچ میڈیا نے بھی اپنی ٹیم کی بے مثال کامیابی پر پیر کو خصوصی شہ سرخیاں سجائیں۔

جس میں فرانس کے معروف اسپورٹس اخبار ’ لی ایکوئپ ‘ نے کامیابی کو ’ نہ ختم ہونے والی خوشی ‘ کا عنوان دیا۔ موجودہ کوچ ڈیڈائر ڈیس چیمپس کی بھی خاصی ستائش ہو رہی ہے، انھوں نے 1998 میں بطور کپتان فرانس کو پہلی بار عالمی چیمپئن بنوایا اور اب بطور کوچ انھوں نے دوسری ٹرافی اپنے ملک کے نام کی، وہ ماریو زیگالو اور فرانز بیکنبوئر کے بعد تاریخ کے تیسرے کوچ بنے ، جنھوں نے بطور کھلاڑی اور کوچ ملک کیلیے ورلڈ کپ جیتا ہے، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ماسکو کے لوزینکی اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ فائنل براہ راست دیکھا تھا اور اپنی ٹیم کی فتح پر خوشیاں بھی منائی تھیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔