العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی

ویب ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
اسلام آباد ہائی کورٹ میں شریف فیملی کی اپیلوں پر فیصلے کا انتظار کرلیتے ہیں، احتساب عدالت فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ میں شریف فیملی کی اپیلوں پر فیصلے کا انتظار کرلیتے ہیں، احتساب عدالت فوٹو:فائل

 اسلام آباد: احتساب عدالت نے نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں شریف فیملی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر ہیں۔ احتساب عدالت نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے کیا حکم ہوتا ہے اس کا انتظار کر لیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: احتساب عدالت کے جج کی نواز شریف کے خلاف مزید 2 ریفرنسز کی سماعت سے معذرت

نواز شریف کے وکیل سعد ہاشمی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ہم نے ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ میں نے آپ کی دونوں درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ بھیج دی تھیں، میں نے بھی ہائی کورٹ میں ایک درخواست دی ہے، کیا لگتا ہے آج فیصلہ آ جائے گا، سنا ہے وزارت قانون نے بھی جیل میں ٹرائل کی درخواست کی ہے۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ خواجہ حارث کب آئیں گے، ان سے جیل ٹرائل اور دیگر دو ریفرنسز کا طے کریں گے، شام تک ہائی کورٹ سے بھی فیصلہ آ جائے گا، سماعت کل تک ملتوی کر دیتے ہیں کل خواجہ حارث بھی آ جائیں گے۔ احتساب عدالت نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔