فواد چوہدری اور سائرہ افضل تارڑ کے خلاف نااہلی کی درخواستیں مسترد

ویب ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
فوادچوہدری اور سائرہ افضل تارڑ کے خلاف درخواستیں مخالف امیدواروں نے دی تھیں۔ فوٹو:فائل

فوادچوہدری اور سائرہ افضل تارڑ کے خلاف درخواستیں مخالف امیدواروں نے دی تھیں۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما سائرہ افضل تارڑ اور تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کے خلاف نااہلی کی درخواستیں مسترد کردی ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ میں سابق وفاقی وزیرسائرہ افضل تارڑ کے خلاف نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار مخالف امیدوار شوکت علی بھٹی کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ سائرہ افضل نے کاغذات نامزدگی میں دو بینک اکاؤنٹس ظاہر نہیں کیے۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ اگر اکاؤنٹس میں بڑی رقم پڑی ہے تو پھر آپ کا کام ہوجائے گا۔ وکیل نے جواب دیا کہ میرے پاس سائرہ افضل تارڑکے بینک اکاؤنٹس کی تفصیل نہیں، جب کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اپنی اراضی زیادہ بتائی ہے۔ جسٹس اعجاز الحسن نے ریمارکس دیے کہ اگر سائرہ افضل اپنی اراضی کم بتاتی تو مسئلہ ہوتا لیکن انہوں نے اراضی کم بتائی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں۔ عدالت نے این اے87 سے مسلم لیگ(ن)  کی امیدوار سائرہ افضل تارڑ کو اہل قرار دے دیا۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کی نااہلی کے خلاف درخواست بھی خارج کر دی۔ فواد چوہدری کے خلاف درخواست مخالف امیدوار سید گوہر شاہ کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ فواد چوہدری نے کاغذات نامزدگی میں درست حقائق نہیں بتائے، فواد چوہدری خود کو وکیل کہتے ہیں اور ٹیکس فارم میں خود کوتنخواہ دار ظاہر کیا۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے وقت پر اعتراضات نہیں اٹھائے، آپ الیکشن کمیشن سے رجوع کریں۔ اور جو اعتراضات آپ نے سپریم کورٹ کے سامنے پیش کئے وہ کسی اور دن کام آجائیں گے۔  جسٹس اعجازالحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے ایک ہی فورم پر دو مرتبہ اعتراض اٹھایا۔ عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے فواد چوہدری کو اہل قرار دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔