پوسٹر میں چیف جسٹس اور آرمی چیف کی تصاویر شائع کرنے والا پی ٹی آئی امیدوار اہل قرار

ویب ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
امیدوار کو نااہل کرنا آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل کی سنگین خلاف ورزی ہے، درخواست گزار: فوٹو:فائل

امیدوار کو نااہل کرنا آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل کی سنگین خلاف ورزی ہے، درخواست گزار: فوٹو:فائل

لاہور: ہائی کورٹ نے انتخابی بینرز پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی تصاویر لگانے کی وجہ سے تحریک انصاف کے امیدوار ناصر چیمہ کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی 53 سے تحریک انصاف کے امیدوار ناصرچیمہ کی الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کی۔ درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے اجراء سے قبل 19 اپریل 2018 کو لگائے گئے بینرز کو بنیاد بنا کر نااہل قرار دے دیا جب کہ الیکشن شیڈول کا اجراء 31 مئی اور ضابطہ اخلاق کا اجراء 14 جون کو ہوا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  پی ٹی آئی امیدوار نااہل

وکیل درخواست نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ناصر چیمہ کے خلاف کسی نے بھی کوئی درخواست نہیں دی اور ناہی کوئی الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوا، جب کہ الیکشن کمیشن نے بھی نااہل قرار دینے کے بارے کسی قانون کا ذکر نہیں کیا، الیکشن کمیشن کا امیدوار کو نااہل کرنا آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل کی سنگین خلاف ورزی ہے،عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ناصرچیمہ کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرلئے جب کہ انہیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔