دبئی میں برقع پہن کر بیوی کی جاسوسی کرنے والا شوہر گرفتار

ویب ڈیسک  منگل 17 جولائی 2018
برقع پوش بھارتی شخص کو عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں اسے ملک بدر کرنے کی سفارش کی گئی (فوٹو : فائل)

برقع پوش بھارتی شخص کو عدالت میں پیش کردیا گیا جہاں اسے ملک بدر کرنے کی سفارش کی گئی (فوٹو : فائل)

 دبئی: متحدہ عرب امارات میں پولیس نے میٹرو اسٹیشن سے برقع پوش بھارتی شخص کو حراست میں لے لیا جو اپنی اہلیہ کی جاسوسی کے لیے برقع پہن کر اس کا پیچھا کررہا تھا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی میٹرو اسٹیشن پر اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب پولیس اہلکار نے ایک مشکوک برقع پوش خاتون کو تلاشی کی غرض سے روک لیا۔ اہلکار کے حکم پر خاتون نے نقاب اُلٹا تو برقع پوش کوئی عورت نہیں بلکہ ایک مرد تھا جس پر 2 ہزار جرمانہ عائد کر کے حراست میں لے لیا گیا۔

دبئی پولیس نے گرفتار بھارتی شخص کو عدالت میں پیش کردیا جہاں اپنے اقبالی بیان میں بیوی کی جاسوسی کا اقرار کرتے ہوئے شوہر نے بتایا کہ اپنی ہم وطن اہلیہ کی جاسوسی کرنے کے لیے میں نے خواتین کا لباس اور عبایا خریدا تھا اور اہلیہ کا پیچھا کرنے کے لیے بھیس بدلا تھا لیکن اس سے قبل کہ میں اپنی بیوی کو پکڑتا پولیس نے مجھے ہی دھرلیا۔

استغاثہ نے ملزم کو سخت سزا دینے کی اپیل کرتے ہوئے ملک بدر کرنے کی استدعا کی ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔