مالی سال 2018-18؛ غیر ملکی سرمایہ کاری 2 ارب 77 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی

بزنس رپورٹر  بدھ 18 جولائی 2018
چین 1.6ارب ڈالرکے ساتھ سرفہرست،برطانیہ 28 کروڑ،ہانگ کانگ14کروڑ، ملائیشیا13کروڑ، امریکانے9کروڑانویسٹ کیے،
 فوٹو: فائل

چین 1.6ارب ڈالرکے ساتھ سرفہرست،برطانیہ 28 کروڑ،ہانگ کانگ14کروڑ، ملائیشیا13کروڑ، امریکانے9کروڑانویسٹ کیے، فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان میں مالی سال 2017-18  کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) 2 ارب 76 کروڑ76لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو مالی سال 2016-17 میں  2ارب 74 کروڑ68 لاکھ ڈالر کی ایف ڈی آئی سے0.8 فیصد یا 2 کروڑ 8 لاکھ ڈالر زیادہ ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال پورٹ فولیوانویسٹمنٹ میں 53.1 فیصد یا 27 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں پورٹ فولیو انویسٹمنٹ کا انخلا51 کروڑ28 لاکھ ڈالر سے گھٹ کر 24 کروڑ7 لاکھ ڈالر تک محدود ہوگیا، گزشتہ مالی سال ڈیٹ سیکیورٹیز میں  2ارب45کروڑ5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی جو مالی سال 2016-17 میں 26 کروڑ 21 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری کے مقابلے میں 835 فیصد یا 2 ارب18کروڑ84 لاکھ ڈالر زیادہ ہے۔

اس طرح فارن پبلک انویسٹمنٹ بھی 835 فیصد بڑھ کر 2ارب45کروڑ5 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جس کے نتیجے میں گزشتہ مالی سال مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 99.4 فیصد یا 2 ارب48 کروڑ13 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 4 ارب 97کروڑ74لاکھ ڈالر پر جاپہنچی، مالی سال 2016-17 میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری2ارب 49 کروڑ 61 لاکھ ڈالر رہی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق جون 2018 میں ایف ڈی آئی بڑھ کر 29 کروڑ 15 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو جون 2017 میں 23 کروڑ 94 لاکھ تک محدود تھی۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تناظر میں چین 1ارب 58 کروڑ 58 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ برطانیہ نے 27کروڑ 87لاکھ ڈالر، ہانگ کانگ 14 کروڑ 8 لاکھ ڈالر، ملائیشیا 12کروڑ 77 لاکھ ڈالر، امریکا 9کروڑ 23 لاکھ ڈالر، سوئٹزرلینڈ 8کروڑ81 لاکھ ڈالر، ہنگری 7کروڑ 14لاکھ ڈالر، نیدرلینڈ سے 7 کروڑ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی تاہم کینیڈا، کویت، ناروے، عمان، قطر اور جنوبی افریقہ نے سرمایہ نکالا۔

اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری پاور سیکٹر میں 88 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کی ہوئی جبکہ فوڈ سیکٹر میں 10 کروڑ 57 لاکھ ڈالر، تیل وگیس 19 کروڑ 48 لاکھ ڈالر، سیمنٹ 5کروڑ 90 لاکھ ڈالر، الیکٹرونکس کے شعبے میں 5 کروڑ 6 لاکھ ڈالر، آٹو سیکٹر 5 کروڑ 24 لاکھ ڈالر، تعمیراتی شعبے میں 70 کروڑ 73 لاکھ ڈالر، ٹریڈ سیکٹر میں 9 کروڑ 42 لاکھ ڈالر، ٹرانسپورٹ سیکٹر میں 7 کروڑ 42 لاکھ ڈالر، کمیونی کیشن 7 کروڑ 38 لاکھ ڈالر اور فنانشل بزنس میں 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔