زرمبادلہ کی منڈیاں افواہوں کی زد میں آگئیں، شدید اتار چڑھاؤ

احتشام مفتی  بدھ 18 جولائی 2018
اوپن مارکیٹ میں ڈیلرزمحتاط،قدر130روپے کے قریب پہنچ کرنیچے، 
فوٹو: فائل

اوپن مارکیٹ میں ڈیلرزمحتاط،قدر130روپے کے قریب پہنچ کرنیچے، فوٹو: فائل

 کراچی: انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو بھی ڈالر بلحاظ قدر بے لگام رہا مختلف تجارتی مارکیٹوں میں مزید 5 فیصد ڈی ویلیوایشن کی افواہوں سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں بے یقینی غالب رہی تاہم ڈالر کے انٹربینک ریٹ 27 پیسے کے اضافے سے 128 روپے26پیسے کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئے۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں اس کے برعکس ڈالرکی قدر میں 30 پیسے کی کمی ہوئی جس کے نتیجے میں ڈالر کی قدر129 روپے سے گھٹ کر 128 روپے70 پیسے ہوگئی تاہم ایک موقع پر ڈالر کی قدر 130 روپے کے قریب بھی پہنچ گئی تھی۔  منگل کی صبح انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدرکا آغاز 30 پیسے کی کمی سے127 روپے 70 پیسے سے ہوا لیکن تھوڑی دیرکے بعد ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں بتدریج اضافے کا سلسلہ شروع ہوا اور ایک موقع پر ڈالر 128 روپے50 پیسے کی بلندترین سطح تک پہنچ گیا جس کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ریٹ دوبارہ نیچے آئے اور بتدریج گھٹتے گھٹتے 127 روپے 70 پیسے کی سطح پر آگئے تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 27 پیسے کے اضافے سے 128 روپے26 پیسے پربند ہوئے۔

دوسری طرف اوپن کرنسی مارکیٹ میں129 روپے پر ڈالر کی فرخت کا آغاز ہوا لیکن کاروباری دورانیے میں ایکس چینج کمپنیوں نے محتاط طرز عمل اختیار کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر129 روپے 80 پیسے تک جا پہنچی تھی لیکن کاروبار کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر30 پیسے کی کمی سے128 روپے 70 پیسے پر بند ہوئی۔ ؎

اس ضمن میں فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ زرمبادلہ مارکیٹوں کی بحرانی کیفیت کے سبب منگل کو اوپن مارکیٹ میں خریداری سرگرمیاں بمشکل 10 فیصد رہیں اور لوگوں نے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے ڈالر مارکیٹ میں فروخت کرنے سے گریز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹوں میں مزید ڈی ویلیوایشن کی افواہیں زیرگردش ہیں۔

اسٹیٹ بینک کو چاہیے کہ وہ ان افواہوں کے تدارک کیلیے پالیسی بیان جاری کرے اور روپے کی قدر میں مزید کمی سے گریز کی پالیسی اختیار کرے کیونکہ ڈی ویلیوایشن سے ایکسپورٹ پرمثبت اثرات نہیں ہوسکیں گے بلکہ مہنگائی میں اضافہ ہوجائیگا، اوورانوائسنگ کی شرح بڑھنے سے ری بیٹ کی مد میں حکومت پر بوجھ بڑھ جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔