انجانے خوف نے گرین شرٹس کو اصل مقصد سے بھٹکا دیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 18 جولائی 2018
فاتح دستے سے چھیڑ چھاڑ میں مینجمنٹ گھبراہٹ کا شکار،حفیظ کی واپسی کا امکان کم،عامرکو’آرام‘دینے پرغور
۔ فوٹو : ٹوئٹر

فاتح دستے سے چھیڑ چھاڑ میں مینجمنٹ گھبراہٹ کا شکار،حفیظ کی واپسی کا امکان کم،عامرکو’آرام‘دینے پرغور ۔ فوٹو : ٹوئٹر

بولاوایو:  زمبابوے اور پاکستان کے درمیان تیسرا ون ڈے بدھ کو کھیلا جائے گا انجانے خوف نے گرین شرٹس کو اصل مقصد سے بھٹکا دیا ورلڈ کپ کیلیے مختلف کمبی نیشنز کی آزمائش ثانوی حیثیت اختیار کرگئی۔

تفصیلات کے مطابق مسلسل 2 میچز میں مضبوط ترین الیون کو میدان میں اتارا گیا، تیسرے میچ میں بھی فاتح دستے سے چھیڑ چھاڑ میں ٹیم مینجمنٹ گھبراہٹ کا شکار ہے، مسلسل 2 سنچری شراکتیں بنانے والی اوپننگ جوڑی نے کوچ کا اعتماد بڑھا دیا،محمد حفیظ کی واپسی کا امکان کم البتہ ناتواں بیٹنگ لائن کو بھی نشانہ نہ بنا پانے والے محمد عامر کو ’آرام‘ دیا جاسکتا ہے، یاسر شاہ 2 برس بعد ون ڈے میچ کھیلنے کے منتظر ہیں، دوسری جانب زمبابوین ٹیم کا توپ خانہ اہم ہتھیاروں سے بدستور خالی ہے، مینجمنٹ بنچ پر بیٹھے پلیئرز میں بھی دم خم نہ ہونے کی وجہ سے ’گھسی پٹی‘ الیون کو کھلانے پر مجبور ہے۔ پاکستان نے زمبابوے کو ابتدائی 2ون ڈے میچز میں یکطرفہ مقابلے کے دوران شکست دی۔

اب تیسرے میچ میں فتح کے ساتھ ٹیم کی نگاہیں سیریز اپنے نام کرنے پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ گرین شرٹس اس وقت ورلڈ کپ 2019 کی تیاری کے مشن پر ہیں، سیریز کے آغاز سے قبل ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے یہی عندیہ دیا گیا تھاکہ اس میں بنچ پاور کو آزمایا اور میگا ایونٹ کے حوالے سے مختلف کمبی نیشنز کی آزمائش ہوگی، کمزور حریف مدمقابل ہونے کی وجہ سے نئے کھلاڑیوں کو اطمینان سے آزمائے جانے کی پوری توقع تھی مگر اس کے باوجود ابتدائی دونوں میچز میں پاکستان کی جانب سے طاقتور ٹیم میدان میں اتاری گئی، جس سے صاف ظاہر ہوگیا کہ مقصد مختلف کمبی نیشنز کی آزمائش نہیں بلکہ سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہے جبکہ دونوں ٹیموں میں زمین آسمان کا واضح فرق نظر آیا۔ اب بھی بڑا اور اہم مقصد تیسرا میچ جیت کر پہلے سیریز میں شکست کے کسی انجانے خوف کو سر سے ٹالنا ہے، حالانکہ یہ کنڈیشنز نئے کھلاڑیوں کی آزمائش کیلیے انتہائی موزوں ہیں،امام الحق اور فخرزمان مسلسل 2 میچز میں سنچری شراکتیں بنا چکے ہیں، اس لیے ٹیم مینجمنٹ کیلیے انھیں ’ڈسٹرب‘ کرنا مشکل فیصلہ ہوگا۔

حفیظ کو بدستور باہر بیٹھنا پڑے گا، البتہ محمد عامر کو آرام دیا جاسکتا ہے،یاسر شاہ 2 برس بعد پہلا ون ڈے کھیلنے کیلیے تیار اور یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اگلے برس انگلینڈ میں شیڈول میگا ایونٹ کیلیے مضبوط امیدوار ہیں یا نہیں۔ عامر کا آرام ان کے میدان میں اترنے کا باعث بن سکتا ہے۔ انجری سے واپس لوٹنے والے بابر اعظم ابتدائی دونوں میچز میں کافی بہتر دکھائی دیے، پہلے ون ڈے میں وہ جلد وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ دوسرے میں ناٹ آؤٹ رہے، مگر ان کے پاس زیادہ اسکور کا موقع ہی نہیں تھا، اگر اس بار پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی تو ہوسکتا ہے کہ بابر اپنی 7 ون ڈے سنچریوں میں اضافہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔ کپتان سرفراز احمد پہلے ہی واضح کرچکے کہ سیریز جیتنے کے بعد ہی پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں، ٹیم کا پہلا ہدف سیریز جیتنا ہے، اس کے حصول کے بعد ہی بنچ پاور کو آزمائیں گے۔ ادھر زمبابوے کی صرف ایک ہی خواہش ہے کہ وہ کم سے کم عزت سے ہارنے کے قابل ہوجائے، کھلاڑیوں کی ناکامیوں کے باوجود وہ انھیں کھلانے پر مجبور ہے کیونکہ بنچ پر بیٹھے ہوئے پلیئرز معیار سے اور بھی نیچے ہیں۔ پچ کے ابتدائی دونوں میچز سے مختلف ہونے کی بالکل توقع نہیں ہے، موسم بھی گذشتہ دنوں جیسا ہی سرد ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔