پی ایس ایل کی میڈیا ویلیو3ارب روپے ہوگئی؛ چیئرمین کا دعویٰ

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 18 جولائی 2018
تمام فرنچائززکی قدرمیں غیرمعمولی اضافہ ہوچکا،بڈنگ میں ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے
فوٹو: فائل

تمام فرنچائززکی قدرمیں غیرمعمولی اضافہ ہوچکا،بڈنگ میں ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے فوٹو: فائل

 لاہور:  چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایس ایل کی میڈیا ویلیو 3 ارب روپے ہوگئی۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں شامل تمام 6 فرنچائزز کی قدر میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا،آئندہ 3ایڈیشن کیلیے بڈنگ کا عمل شروع ہوا تو ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔ پی سی بی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ پی ایس ایل ایک ورلڈکلاس ایونٹ بن چکی اور دنیا کی کسی بھی بہترین لیگ کا مقابلہ کرسکتی ہے،اس کی میڈیا ویلیو3ارب روپے کے قریب ہوچکی،اثاثوں کے ساتھ تمام 6فرنچائزز کی قدر میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔انھوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کے آئندہ 3ایڈیشنز کیلیے بڈنگ کا عمل شروع ہونے والا ہے۔

ایک غیر جانبدار ملٹی نیشنل ادارے کے تجزیے میں گزشتہ تمام ریکارڈ ٹوٹنے کی پیشگوئی پہلے ہی کردی گئی۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ملک بھر میں گیم ڈیولپمنٹ پروگرام جاری ہیں، ہائی پرفارمنس کیمپس میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز بھی قومی ٹیم کا بیک اپ تیار کرنے کیلیے بڑی جانفشانی سے کام کررہے ہیں۔

یہاں سے سامنے آنے والا ٹیلنٹ پی ایس ایل اور پاکستان کی انٹرنیشنل کرکٹ دونوں کے معیار میں بہتری لانے کا ذریعہ بنے گا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ورلڈ الیون کی میزبانی،سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچ،ویسٹ انڈیزسے سیریز اور پی ایس ایل تھری فائنل سمیت3مقابلوں کے انعقاد نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر تیز کردیا ہے، یہ سلسلہ آگے بڑھائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔