پسماندہ علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کیلیے5کروڑ روپے کی گرانٹ مختص

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 18 جولائی 2018
گوادرکوایسوسی ایٹ ممبربنادیا گیا،میٹنگ کے شرکا کا نجم سیٹھی پر اظہارِ اعتماد
 فوٹو: فائل

گوادرکوایسوسی ایٹ ممبربنادیا گیا،میٹنگ کے شرکا کا نجم سیٹھی پر اظہارِ اعتماد فوٹو: فائل

 لاہور:  پسماندہ علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کیلیے 5 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ مختص کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ریجنز اور ڈسٹرکٹس کیلیے 10کروڑ کی اضافی رقم الگ ہوگی، نمائندوں کے تحفظات کی سماعت کیلیے آئندہ سالانہ جنرل میٹنگ سے قبل2روز کا سیشن ہوگا،پی سی بی نے گوادر کو ایسوسی ایٹ ممبر بنانے کی منظوری بھی دے دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈکی سالانہ جنرل میٹنگ کا انعقاد گذشتہ روز لاہور کے ایک ہوٹل میں ہوا،اس موقع پر چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی نے اعلان کیا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کیلیے5کروڑ روپے کی گرانٹ مختص کردی گئی ہے، ریجنز اور ڈسٹرکٹس کیلیے رقم میں 10کروڑ کا اضافہ اس کے علاوہ ہے۔

گذشتہ سال اس مد میں 30 کروڑ رکھے گئے تھے، انھوں نے تجویز پیش کی کہ ریجنز سے آنے والے نمائندوں کے تحفظات کی سماعت کیلیے آئندہ سالانہ جنرل میٹنگ سے قبل2روز کا سیشن ہونا چاہیے،شرکاء نے اسے متفقہ طور پر منظور کرلیا، ای جی ایم میں گوادر کو ایسوسی ایٹ ممبر بنانے کی منظوری بھی دیدی گئی۔اس موقع پر موجود میٹنگ کے شرکا نے قرار داد پیش کرتے ہوئے نجم سیٹھی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، اراکین کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی نے اپنی 3سالہ مدت کے پہلے سال میں پی ایس ایل کو کامیاب برانڈ بنانے۔

ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے انتھک محنت کی ہے، شرکاء نے پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی خاص طور پر ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مسلسل فتوحات کو سراہتے ہوئے نجم سیٹھی اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔اے جی ایم میں اسکول اور کلب کرکٹ کیلیے کی جانے والی کاوشوں کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے آئندہ بہتری لانے کیلیے تجاویز پیش کی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔