’’تبدیلی‘‘ آتے دیکھ کروقار یونس نے لہجہ بدل لیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 18 جولائی 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 لاہور:  ’’تبدیلی‘‘ آتے دیکھ کروقار یونس نے لہجہ بدل لیا سابق کپتان نے2سال پرانے انٹرویوکی بنیاد پرچیئرمین پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2سال قبل برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں نجم سیٹھی نے ٹیم سلیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ملک میں ٹیلنٹ ختم ہونے کے حوالے سے شاہد آفریدی نے درست ہی کہا ہے ،مسئلہ پاکستانی معاشرے کا ہے، سارا ملک ہی ایسا ہے۔ کوئی ڈسپلن نہیں، ہر کوئی شارٹ کٹ کی تلاش میں ہے، تعلیم یافتہ لوگوں کی بھی کمی ہے،انتہائی باصلاحیت ہونے کے باوجود عمراکمل اور احمد شہزاد باہر بیٹھے ہیں کیونکہ کوچ کے ساتھ نہیں چل سکتے، دنیا میں کہیں ایسی چیزیں نہیں ہوتیں، ہمارے ہاں نظر آتی ہیں۔‘‘ اب طویل عرصے بعد سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر نجم سیٹھی کے انٹرویو کا ویڈیو لنک شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’انسان کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے، قوم کو غیر تعلیم یافتہ کہنا چھوڑ دیں، ہم کئی تعلیم یافتہ لوگوں سے بہتر ہیں، پاکستان میں بہت ٹیلنٹ ہے۔ اس کی قدر کریں اور عزت دیں۔‘‘

ذرائع کے مطابق پاکستان میں الیکشن ہونے والے ہیں، حکومت کی تبدیلی کا امکان نظر آرہا ہے،ان حالات میں وقار یونس نے سابقہ اسکور سیٹ کرنے کیلیے یہ ٹویٹ کی، اس حوالے سے شائقین کی جانب سے دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آئے، ایک صارف کا کہنا تھا کہ اگر عمراکمل اور احمدشہزاد میں بورڈکو ٹیلنٹ نظر آتا تھا تو اب کیوں نکالا،اب تو کوچ غیرملکی ہے، دوسرے کا خیال تھا کہ وقار یونس کے دل میں اتنی دیر سے پاکستانیوں کی محبت کیوں جاگی۔

واضح رہے آسٹریلوی خاتون سے شادی کے بعد وقار یونس اب آسٹریلیا کے شہری اور سڈنی میں ہی رہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔