شعیب ملک نے ایک اور اہم سنگ میل پر دستک دے دی

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 18 جولائی 2018
7ہزار کے ہندسے پر پہنچنے والے آٹھویں پاکستانی بننے کیلیے مزید 3 رنز درکار 
۔فوٹو: فائل

7ہزار کے ہندسے پر پہنچنے والے آٹھویں پاکستانی بننے کیلیے مزید 3 رنز درکار ۔فوٹو: فائل

بولاوایو: شعیب ملک نے ایک اور اہم سنگ میل پر دستک دے دی انھیں 7 ہزار کے ہندسے پر پہنچنے کیلیے مزید 3 رنز درکار ہیں وہ یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے آٹھویں بیٹسمین بن جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق شعیب ملک اس وقت اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں، ٹوئنٹی 20 میں کئی اعزازات اپنے نام درج کرانے کے ساتھ وہ ایک روزہ کرکٹ میں بھی کئی اہم سنگ میل عبورکرچکے اور اب ایک اور بڑی منزل پر پہنچنے والے ہیں، انھیں ون ڈے انٹرنیشنل میں 7 ہزار رنز مکمل کرنے کیلیے مزید صرف تین رنز درکار ہیں، اس کے ساتھ ہی وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے آٹھویں بیٹسمین بھی بن جائیں گے، وہ یہ اعزاز زمبابوے سے دوسرے ون ڈے میچ میں بھی حاصل کرسکتے تھے تاہم ٹاپ آرڈر کی کم ہدف کے تعاقب میں اچھی بیٹنگ نے انھیں وکٹ پر آنے کا موقع ہی نہیں دیا۔ پاکستان کی جانب سے 50 اوورز کی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز انضمام الحق کو حاصل ہے جنھوں نے 11701 رنز بنائے، وہ 10 ہزار رنز کی حد عبور کرنے والے پاکستان کے واحد کھلاڑی بھی ہیں۔

دوسرے نمبر پر محمد یوسف 9554 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔ سعید انور 8824، شاہد آفریدی 8027، جاوید میانداد 7381، یونس خان 7249 اور سلیم ملک 7170 رنز کے ساتھ بالترتیب تیسرے سے پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔ ادھر میزبان بیٹسمین چھامو چھیبا کو بھی ایک منفرد کلب سے باہر نکلنے کا چیلنج درپیش ہے، وہ ایک روزہ کرکٹ میں 2373 رنز اسکور کرچکے اور ابھی تک انھوں نے ایک بھی سنچری نہیں بنائی، سب سے بڑا انفرادی اسکور 99 انھوں نے لاہور میں 2015 میں بنایا تھا، صرف 8 کھلاڑی ایسے ہیں جنھوں نے بغیر تھری فیگر اننگز کے چھامو چھیبابا سے زائد رنز بنائے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔