سندھ کے 6 تعلیمی بورڈز کے چیئر مین تبدیل

صفدر رضوی  بدھ 18 جولائی 2018
تبادلے شفاف انتخابات کو بنیاد بنا کر26جولائی تک کیے گئے
 فوٹو: فائل

تبادلے شفاف انتخابات کو بنیاد بنا کر26جولائی تک کیے گئے فوٹو: فائل

 کراچی: حکومت سندھ نے میٹرک کے امتحانی نتائج سے محض چندروزقبل صوبے کے 6 تعلیمی بورڈزکے چیئرمینزکے شفاف انتخابات کوبنیاد بناتے ہوئے دیگرتعلیمی بورڈزمیں تبادلے کردیے ہیں۔

ٹینوورپوسٹ پر کام کرنے والے چیئرمینزکے تبادلے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب تعلیمی بورڈزمیں سندھ کے لاکھوں طلبہ کے میٹرک کے امتحانی نتائج کی تیاری آخری مراحل میں آچکی ہے جبکہ کچھ تعلیمی بورڈکوآئندہ کچھ روزمیں میٹرک کے نتائج کااجرا بھی کرناہے۔ سندھ کے بیشترتعلیمی بورڈزمیں مستقل ناظم امتحانات کی عدم موجودگی کے سبب یہ نتائج قائم مقام کنٹرولرتیارکررہے ہیں جومستقل چیئرمینزبورڈ کی نگرانی میں تیارکیے جارہے تھے جن کی جگہ اب غیرمستقل چیئرمینزنے لے لی ہے۔

ادھر حیرت انگیزطورپرحیدرآبادتعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد میمن کی جانب سے دیے گئے استعفیٰ کے باوجودانھیں سبکدوش کیاگیاہے اورنہ ہی ان کاتبادلہ کسی دوسرے تعلیمی بورڈ میں کیاگیاہے جس سے شکوک وشبہات جنم لے رہے ہیں۔ محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈز کی جانب سے تعلیمی بورڈحیدرآباد کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد میمن کے حوالے سے جانبداری کاتاثرسامنے آیاہے اورسوال اٹھ رہاہے کہ کیاتعلیمی بورڈ حیدرآباد کے علاوہ دیگرتمام ہی بورڈزکے چیئرمین انتخابات پراثراندازہونگے جبکہ ڈاکٹرمحمدمیمن کی جانب سے استعفیٰ بمعہ ایک ماہ کے دیے گئے نوٹس کی مدت بھی 22جون کوپوری ہوچکی ہے تاہم ان کے حوالے سے کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیاہے۔

حال ہی میں چارج سنبھالنے والے محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈزکے سیکریٹری عبدالکبیرقاضی کی جانب سے چیئرمین تعلیمی بورڈزکے تبادلوں کے سلسلے میں ایک نوٹیفیکیشن منگل کی شام جاری کیاگیاہے۔ جس کے مطابق یہ تبادلے 26جولائی تک کی مدت کے لیے کیے گئے ہیں نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین انٹربورڈکراچی پروفیسر انعام احمد کاتبادلہ سکھرتعلیمی بورڈ کیاگیاہے جبکہ انھیں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن بینظیرآباد(نوابشاہ) کااضافی چارج بھی دیاگیاہے جبکہ شہیدبینظیرآبادبورڈ کااضافی چارج رکھنے والے چیئرمین اوروائس چانسلر شہید بینظیربھٹویونیورسٹی نوابشاہ ارشدسلیم سے یہ چارج لے لیاگیا ہے۔

مزیدبراں چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی ڈاکٹر سعیدالدین  کولاڑکانہ تعلیمی بورڈبھیج دیاگیاہے اسی طرح چیئرمین میرپورخاص تعلیمی بورڈبرکات علی حیدری کاتبادلہ کرتے ہوئے سندھ بورڈآف ٹیکنیکل ایجوکیشن کاچارج دیاگیاہے سکھرتعلیمی بورڈ کے چیئرمین غلام مجبتیٰ شاہ کومیرپور خاص بورڈبھیجاگیاہے چیئرمین لاڑکانہ بورڈڈاکٹر احمد علی بروہی کابورڈآف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی تبادلہ کیاگیا ہے اورچیئرمین سندھ بورڈآف ٹیکنیکل ایجوکیشن مسروراحمد شیخ کاتبادلہ کرتے ہوئے بورڈآف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کاچارج دیاگیاہے بتایاجارہاہے کہ ان تبادلوں کی سفارش محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈکے ایک ایڈیشنل سیکریٹری اورسندھ ایچ ای سی کے ڈائریکٹرنورمحمد شاہ کی جانب سے کی گئی تھی۔

جن کااس سے قبل یونیورسٹیز یابورڈزکاکوئی تجربہ ہی نہیں ہے جبکہ وہ کئی سال سے غیرفعال سندھ ایچ ای سی کے ڈائریکٹرہیں جہاں افسران ماہانہ تنخواہوں کے حصول کے علاوہ کوئی دوسراکام نہیں کرتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔