ون ڈے رینکنگ؛ جوئے روٹ نے بابر کو تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 19 جولائی 2018
انگلینڈ نے بھارت کو 3 میچز کی سیریز میں 2-1 سے زیر کرکے اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

انگلینڈ نے بھارت کو 3 میچز کی سیریز میں 2-1 سے زیر کرکے اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 دبئی: جوئے روٹ کی ترقی نے بابر اعظم کو بیٹنگ میں تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا۔

پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں 3-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، جس کی وجہ سے اسے ایک پوائنٹ ملا تاہم گرین شرٹس کی پانچویں پوزیشن میں کوئی فرق نہیں آیا،البتہ چھٹے نمبر کی آسٹریلوی ٹیم سے فاصلہ تین پوائنٹس تک بڑھ گیا،چوتھے نمبر کی نیوزی لینڈ ٹیم اس سے 9 پوائنٹس آگے ہے۔

انگلینڈ نے بھارت کو 3 میچز کی سیریز میں 2-1 سے زیر کرکے اپنی ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم کرلیا، ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ سیریز میں 113 ناٹ آؤٹ اور 100 رنز ناٹ آؤٹ بنانے والے جوئے روٹ کو ایک ساتھ 34 پوائنٹس ملے، یوں وہ پاکستانی بابر اعظم، بھارتی روہت شرما، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور کیوی روس ٹیلر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کیریئر کی بہترین دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے، پہلا درجہ ویرات کوہلی کے پاس ہے جسے انھوں نے مزید مضبوط بنالیا، جیسن روئے 19اور ایون مورگن 22 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔

بھارتی لیفٹ آرم رسٹ اسپنر کلدیپ یادیو نے اس سیریز میں 9 وکٹیں لیں، بولرز میں سب سے زیادہ ترقی بھی ان کی ہوئی،وہ8 درجے پھلانگتے ہوئے کیریئر بیسٹ چھٹے نمبر پر پہنچ گئے،یادیو ٹاپ 10میں موجود دوسرے بھارتی بولر ہیں، جسپریت بمرا ٹاپ پر موجود ہیں۔ پاکستان کے حسن علی کا نمبر تیسرا ہے۔ ٹاپ 10 میں موجود پانچوں بولرز اسپنرز ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔