اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر بھارتی الزامات مسترد کر دیے، پاکستان

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  جمعرات 19 جولائی 2018
 بھارت ہیومن رائٹس کمشنر کے تحفظات دور کرنے میں ناکام رہا، اس کے کشمیر رپورٹ کا جائزہ لیے بغیر اعتراضات اٹھانے پر سخت مایوسی ہوئی، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

 بھارت ہیومن رائٹس کمشنر کے تحفظات دور کرنے میں ناکام رہا، اس کے کشمیر رپورٹ کا جائزہ لیے بغیر اعتراضات اٹھانے پر سخت مایوسی ہوئی، ترجمان دفتر خارجہ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر بھارتی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق بھارت کی طرف سے اقوام متحدہ کی پہلی رپورٹ مسترد کیے جانے پر شدید مایوسی ہوئی ہے، اپنے ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے تحفظات کو دور کرنے میں ناکام رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق رپورٹ میں بھارتی پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور بھارتی ذرائع ابلاغ سمیت بھارت کے سرکاری ذرائع کے حوالے دیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوششوں پر تشویش ہے، کشمیر رپورٹ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کے انسانی حقوق سے متعلق ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی رپورٹ کی سفارشات کے مطابق تحقیقاتی کمیشن کے آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے دورے کا خیر مقدم کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔