سی پیک پاکستان کی آئندہ حکومت کی بھی ترجیح ہوگا، چینی اخبار

آئی این پی  جمعرات 19 جولائی 2018
انفرااسٹرکچرمیں بہتری سے پاکستانی عوام کو سفری سہولتیںمیسرآئی ہیں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوچکے ہیں، چینی اخبار۔ فوٹو: فائل

انفرااسٹرکچرمیں بہتری سے پاکستانی عوام کو سفری سہولتیںمیسرآئی ہیں نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوچکے ہیں، چینی اخبار۔ فوٹو: فائل

بیجنگ: چینی اخبار نے کہاہے کہ پاکستان میں آئندہ انتخابات کے بعد چین پاکستان اقتصادی راہداری سی پیک منصوبے عوام کی وسیع تر حمایت کے ساتھ مثبت طریقے سے آگے بڑھتے رہیں گے، انتخابات کے بعد تشکیل پانے والی نئی حکومت کیلیے بھی سی پیک منصوبے ترجیحات میں شامل ہوں گے۔

معروف چینی اخبار چائنا ڈیلی نے بدھ کو اپنے ایک مضمون میں کہاہے کہ سی پیک پاکستان کیلیے ایک اسٹرٹیجک فیصلہ ہے، عام انتخابات کے بعد بھی سی پیک منصوبے وسیع تر اور مسلسل عوامی حمایت کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔ آئندہ حکومت کیلیے بھی سی پیک منصوبے ترجیحات میں شامل ہوں گے۔

مضمون کے مطابق پاکستان کے 22کروڑ عوام، پاکستانی ادارے اور فوج سی پیک منصوبوں کی حمایت کرتے ہیں اور وہی اس کے ضامن ہیں۔ سی پیک کے تحت منصوبے ایک عالمی ذمے داری ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ سے اپنی ذمے داریوں کو پورا کیا ہے۔سی پیک منصوبے دونوں اطراف کے مابین اتفاق رائے کے ساتھ طے پائے ہیں جن کے فوائد دونوں ممالک کیلیے مشترکہ ہیں۔

مضمون میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کے تحت منصوبے پاکستان ، پاکستانی معیشت، روزگار کے مواقع اورسیکیورٹی کیلیے اہم ترین ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کے مابین اتفاق رائے موجود ہے کہ سی پیک کی ہر حالت میں اصولی طور پر حمایت جاری رکھنی ہے۔ پاکستانی عوام پہلے سے ہی سی پیک کے فوائد حاصل کررہے ہیں اور یہ واضح ہے کہ پاکستان میں بجلی کا بحران حل کرنے میں مدد ملی ہے۔

چینی اخبار کے مطابق سی پیک منصوبوں سے قبل پاکستان میں بجلی کا بحران تھا اور پاکستان کی صنعتوں کو عالمی برادری میں مقابلہ کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ منصوبوں کے تحت پاکستان کے انفرااسٹرکچر میں بہتری آئی ہے جس سے عوام کو سفری سہولتیں میسرآئی ہیں اور رابطہ سازی کا عمل بہتر ہوا ہے۔ نوجوانوں کیلیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوچکے ہیں، نئے کاروبار شروع ہو رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔