نیب کو پشاور بس منصوبے کی تحقیقات کا حکم

یاسر علی  جمعرات 19 جولائی 2018
پشاور ہائیکورٹ نے تحقیقات کے لیے نیب کو 5 ستمبر تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ فوٹو: فائل

پشاور ہائیکورٹ نے تحقیقات کے لیے نیب کو 5 ستمبر تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ فوٹو: فائل

پشاور: ہائیکورٹ نے بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات کے لیے نیب کو احکامات جاری کرتے ہوئے 5 ستمبر تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے بی آر ٹی پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے جس کے مطابق بی آر ٹی منصوبے کی ابتدائی لاگت 49.3 ارب روپے لگائی گئی تھی جو 24 جون 2018 تک مکمل ہونا تھا مگر اب اس منصوبے کی لاگت 68 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، جس فرم کو ٹھیکا دیا گیا تھا وہ فرم دوسرے صوبوں میں بلیک لسٹ ہے۔ دیگر عوامی منصوبوں سے فنڈز قواعد کے خلاف نکال کر بی آر ٹی منصوبے میں لگائے گئے جب کہ بی آر ٹی کے لیے باقاعدہ پلاننگ بھی نہیں کی گئی تھی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی جی پی ڈی اے اسرار الحق کا تبادلہ نہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا مگر ان کا تبادلہ کر دیا گیا، عدالت نے ڈی جی پی ڈی اے کے تبادلے پر عائد پابندی ہٹاتے ہوئے نیب کو بی آر ٹی منصوبے کی باقاعدہ تحقیقات کرکے رپورٹ 5 ستمبر تک جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔