ووٹ کو عزت محض نعرہ نہیں ایمان کا حصہ ہے، نوازشریف

ویب ڈیسک  جمعرات 19 جولائی 2018
وزارت عظمیٰ سے ہٹانا اور پارٹی قیادت بھی چھین لینا پاکستانی سیاسی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی، نوازشریف، فوٹو: فائل

وزارت عظمیٰ سے ہٹانا اور پارٹی قیادت بھی چھین لینا پاکستانی سیاسی تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی، نوازشریف، فوٹو: فائل

 راولپنڈی: سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ ووٹ کو عزت دو محض ایک نعرہ نہیں میرے لیے ایمان کا حصہ ہے اسی میں ملک کی بقا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے  مطابق ماڈل ٹاؤن مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ میں سوشل میڈیا اور (ن) لیگی چیف پولنگ ایجنٹس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، کانفرنس میں(ن) لیگ کی جانب سے پولنگ ایجنٹس کو ضروری رہنمائی کے لیے تحریری ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا، تحریری ہدایت نامے میں قائد نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) شہباز شریف  کا خصوصی پیغام شامل تھا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ سازشوں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، پاناما میں میرا نام تک شامل نہیں تھا لیکن اس کا سہارا لے کر من گھڑت 145 مقدمہ کو 146 بنادیا گیا، سب سے پہلے مجھے وازرت عظمٰی سے ہٹایا گیا پھر اپنی جماعت کی صدارت کا عہدہ بھی چھین لیا گیا، یہ ایسے اقدامات ہیں جن کی پاکستانی سیاسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، مجھے پاکستان کی عوام نے ووٹ کے ذریعے تیسری بار وزیراعظم منتخب کیا لیکن عوام کے ووٹ کی عزت نہیں کی گئی اس لئے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا، اور اب ووٹ کو عزت دو محض ایک نعرہ نہیں میرے لیے ایمان کا حصہ ہے اسی میں ملک کی بقا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔