رینکنگ ٹینس؛ قومی نمبر1 عقیل خان کی پیش قدمی جاری

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 20 جولائی 2018
ثاقب کو ہراکر کوارٹر فائنل میں رسائی، ایرج نے مریم کو اپ سیٹ شکست دیدی۔ فوٹو: فائل

ثاقب کو ہراکر کوارٹر فائنل میں رسائی، ایرج نے مریم کو اپ سیٹ شکست دیدی۔ فوٹو: فائل

کراچی: قومی نمبر1 اور ٹاپ سیڈ عقیل خان نے دوسری قومی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ میں اپنی پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے مینز سنگلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

سندھ ٹینس ایسوسی ایشن کے تحت دوسری ای اے ایم اینڈ ایس ایم ایم قومی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ کراچی جیمخانہ ٹینس کورٹس پر جاری ہے، جمعرات کو مینز سنگلز ایونٹ میں ٹاپ سیڈ عقیل خان نے اپنے حریف ثاقب حیات کو کسی مزاحمت کے بغیر6-0 اور 6-3 سے مات دے کر کوارٹر فائنل کے لیے راہ ہموار کرلی۔

دیگر کوارٹر فائنلز میں عابد مشتاق نے کے پی کے سے تعلق رکھنے والے شاکر اللہ کو کوئی موقع دیے بغیر6-0 اور6-0سے شکست دے کر واپس گھر جانے پر مجبور کردیا جبکہ ہیراشوک نے ایک آسان مقابلے میں محمد دادا کو6-0 اور6-0سے زیر کرلیا، لیڈیز سنگلز ایونٹ میں ایرج بتول زیدی نے اپ سیٹ کر ڈالا۔

کانٹی نینٹل ٹینس اکیڈمی سے تعلق رکھنے والی ایرج نے پر اعتماد انداز میں سیڈ4 لاہور کی مریم مرزا کو6-3 اور6-4 سے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، زوہا عاصم کو سخت مقابلے کے بعد حانیا نوید کیخلاف 6-3 اور7-6 سے کامیابی ملی جبکہ وریش خان نے زینب علی کو 6-3 اور 7-5سے ناکام کیا۔

دوسری جانب جونیئرز انڈر 18 سنگلز ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں محمد نعمان آفتاب نے پربت کمار کو 7-5 اور 6-1 سے ہرادیا، بوائز انڈر16 سنگلز ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں نعلین عباس نے کامران خان کو 6-0 اور6-0 سے ہرایا، ابراہیم خان نے یحییٰ کو6-1 اور6-4 سے ناکام کیا۔

بوائز انڈر 14 سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں حامد اسرار اپنے حریف حسنین کو 6-1 اور 6-0 سے شکست کا ذائقہ چھکایا، محمد ابراہیم کو فاروق عتیق کے خلاف واک اوور مل گیا، یحییٰ کو ایان خان کے خلاف 6-0 اور 6-0 کی آسان جیت ملی۔

بوائز انڈر 12 سنگلز مقابلوں میں حمزہ نے صارم کو 8-0 سے شکست دیدی، عبداللہ آفتاب نے نامیر شیوا کو اسی اسکور سے قابو کیا، احمد نے حذیفہ سعید کو 8-1 سے ناکام کیا، زین احتشام نے ایان یوسف کے خلاف8-0 سے کامیابی حاصل کی، ریان احمد نے احسن احمد کو 8-1 سے زیر کرلیا، مطاہر محمد کو سخت جدوجہد کے بعد ایان کے خلاف 8-6 سے فتح حاصل ہوئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔