بورڈز چیئرمینز کے تبادلے؛ میٹرک جنرل گروپ کے نتائج تاخیر کا شکار ہو گئے

صفدر رضوی  جمعـء 20 جولائی 2018
ناظم امتحانات کی جانب سے میٹرک کے نتائج 28 جولائی تک جاری کرنے کا عندیہ دیاگیاہے ،چیئرمین میٹرک بورڈ مسرورشیخ۔ فوٹو:فائل

ناظم امتحانات کی جانب سے میٹرک کے نتائج 28 جولائی تک جاری کرنے کا عندیہ دیاگیاہے ،چیئرمین میٹرک بورڈ مسرورشیخ۔ فوٹو:فائل

کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے صوبے کے سرکاری تعلیمی بورڈزکے چیئرمینزکے تبادلوں کے اثرات میٹرک کے نتائج سمیت بورڈزکے دیگرانتظامی امورپرآنا شروع ہوگئے ہیں اورثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے تحت ممکنہ طورپر 22 جولائی کوجاری ہونے والے میٹرک جنرل گروپ (ریگولر،پرائیویٹ) کے نتائج تاخیرکاشکارہوگئے ہیں۔

انٹر بورڈکراچی کے قائم مقام ناظم امتحانات کی رٹائرمنٹ میں محض 4 روزباقی رہ گئے ہیں تاہم حکومت سندھ کے متعلقہ محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈزکی جانب سے تاحال وہاں کسی سینئرافسرکوناظم امتحانات کاچارج دیے جانے کے حوالے سے کسی قسم کی پیش رفت سامنے نہیں آسکی ہے جس سے اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرکے نتائج کی تیاری پربھی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

’’ایکسپریس‘‘کومعلوم ہواہے کہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے مستقل چیئرمین پروفیسرانعام احمد کی جانب سے کئی ہفتے قبل موجودہ قائم مقام ناظم امتحانات محمد جعفرکی رٹائرمنٹ کے حوالے سے محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈزکو تحریری طورپرآگاہ کردیاگیا تھا تاہم محکمہ نے اس جانب توجہ ہی نہیں دی انٹربورڈ کراچی میں سینئرترین افسران میں ایک افسرزرینہ چوہدری قائم مقام سیکریٹری کے طورپرکام کررہی ہیں۔

ایک دوسرے افسرمحمد عظیم پہلے ہی چیئرمین بورڈ کی سفارش پر سیکریٹری کے عہدے سے ہٹائے جاچکے ہیں جبکہ ان کی رٹائرمنٹ میں رواں سال دسمبرمیں ہی ہوجائے گی جبکہ دسمبرمیں بورڈ کے تحت انٹرکے ضمنی امتحانات کاسلسلہ شروع ہوجائے گااورانھیں ناظم امتحانات کاچارج دیے جانے سے دوران امتحانات ہی کنٹرولرکی رٹائرمنٹ ہوجائے گی دیگر3  سینئرافسران میں ڈپٹی سیکریٹری شجاعت ہاشمی، ڈپٹی کنٹرولرعظیم صدیقی اورڈپٹی کنٹرلرہادی حسن شامل ہیں اوربورڈانتظامیہ اس تمام تفصیلات سے محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈزکومطلع کرچکی ہے تاہم موجودہ قائم مقام ناظم امتحانات کی رٹائرمنٹ میں صرف 4روزباقی رہ جانے کے باوجود انٹربورڈ کراچی میں کسی سینئرافسرکوچارج دیے جانے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ سامنے نہیں آسکاہے۔

محکمہ یونیورسٹیزاینڈبورڈزکے تحت شفاف انتخابات کے نام پرسندھ کے تعلیمی بورڈزکے مستقل چیئرمینز کے تبادلوں کے بعد میٹرک بورڈکاشعبہ امتحانات نے بھی نتائج کی تیاری کی رفتارسست کردی ہے اورنتائج میں تاخیرہوگئی ہے یہ نتیجہ 22 جولائی کوجاری ہوناتھاتاہم موجودہ قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان کی جانب سے انتخابات تک تعینات کیے گئے چیئرمین ڈاکٹرمسرورشیخ کودی گئی۔

بریفننگ میں انھیں بتایاگیاہے کہ میٹرک جنرل گروپ (ریگولر،پرائیویٹ)کانتیجہ 28 جولائی کوجاری ہونا ہے  ، رابطہ کرنے پر مستقل چیئرمین پروفیسرسعیدالدین نے تصدیق کی کہ ناظم امتحانات کواس بات کاپابند کیاگیا تھاکہ نتیجہ ہرصورت میں 22  جولائی تک ہی جاری کردیا جائے ،موجودہ تعینات چیئرمین میٹرک بورڈ ڈاکٹرمسرورشیخ سے رابطہ کیاگیا توانھوں نے بتایاکہ بریفنگ میں ناظم امتحانات کی جانب سے میٹرک جنرل گروپ کانتیجہ 28 جولائی تک جاری کرنے کا عندیہ دیاگیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘نے اس حوالے سے قائم مقام ناظم امتحانات خالد احسان نے مسلسل رابطے کی کوشش کی تاہم وہ رابطے سے گریزکرتے رہے علاوہ ازیں انٹربورڈکراچی میں ناظم امتحانات کی رٹائرمنٹ اورسینئرافسر کو کنٹرولرکاچارج دینے سے متعلق موقف جاننے کے لیے سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزقاضی عبدالکبیرسے رابطہ کیا گیا توان کاکہنا تھاکہ ان کے علم میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات کی رٹائرمنٹ کامعاملہ نہیں آیا ہے بورڈجیسے ہی اس معاملے سے آگاہ کرے گا اس معاملے پر پیش رفت کریں گے۔

یادرہے کہ محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی سفارش پرحکومت سندھ نے دوروزقبل حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے علاوہ دیگربورڈزکے ٹینیوورپوسٹ پرتعینات چیئرمینزکے تبادلے کردیے تھے ۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔