اسرائیل کے فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 20 جولائی 2018
فضائی حملے میں تین سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ فوٹو : فائل

فضائی حملے میں تین سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ فوٹو : فائل

بیت المقدس: غزہ میں قابض اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہری شہید ہو گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ شب اسرائیلی فوج کے طیاروں نے غزہ کی پٹی پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائیل فوج کا دعوی ہے کہ فائٹر طیارے کے ذریعے فائر بموں کے حامل غبارے فضاء میں چھوڑے گئے تھے اور ان علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں دہشت گردوں نے ٹھکانے بنا رکھے تھے۔

فلسطین کی وزارت صحت نے فلسطینی شہری کی شہادت اور تین افراد کی زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل مقامی آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جس کا مقصد لوگوں میں خوف پیدا کرنا ہے اور فلسطینیوں کو جدوجہد آزادی سے روکنے کی مذموم کوشش ہے۔ عالمی طاقتوں کو اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر نوٹس لینا چاہیئے۔

دوسری جانب 30 مارچ کو یوم الارض کے موقع پر اپنے گھروں کو واپسی مارچ مہم کے 17 ویں ہفتے آج جمعہ کو اسرائیلی بارڈر کی جانب مارچ کیا جائے گا جس کے لیے ہزاروں فلسطینی شہری سرحدی علاقے پر جمع ہو گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔