لاہور میں موسلا دھار بارش، 10 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 20 جولائی 2018
گزشتہ دنوں لاہور میں طوفانی بارش ہوئی تھی جس میں درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے تھے فوٹو: فائل

گزشتہ دنوں لاہور میں طوفانی بارش ہوئی تھی جس میں درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے تھے فوٹو: فائل

لاہور / پشاور: لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش، کرنٹ، چھتیں گرنے سے 10 افراد جاں بحق، کئی زخمی ہوگئے۔

لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ سرگودھا میں بوسیدہ مکان کی چھت گرجانے سے میاں بیوی اور اس کے 2کمسن بچے جاں بحق ہوگئے، نواحی علاقہ مصطفٰے آباد میں بوسیدہ مکان کی چھت پر بلڈنگ مٹیریل کے وزن کے باعث 35سالہ مجیداں بی بی،2سالہ حلیمہ سعدیہ اور 5 سالہ محمد حسین ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے، تھانہ چوچک اوکاڑہ تھانہ کے محرر کے کمرے کی بوسیدہ دیوار گر جانے سے تھانہ محرر اور پولیس کانسٹیبل شدید زخمی ہو گئے۔

ادھر پشاور کے نواحی علاقے دیر کالونی میں خستہ ہال مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں باپ، بیٹی جاں بحق جبکہ بیٹا زخمی ہوگیا، لنڈی کوتل میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے ایک شخص جاں بحق، متعدد گاڑیاں تباہ اور 3 کمرے منہدم ہو گئے، خیبر ایجنسی میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ سیلابی ریلے سے طورخم میں تاریخی پل بھی گرگیا، گلیشیئر سرکنے سے دریااشکو من بدصوات کے مقام پرجھیل بن گئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق دریا کاملبہ چٹان بن گیاہے اور کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکاہے،24 گھنٹے میں جھیل5سے 6کلومیٹر کے علاقے میں پھیل گئی ہے اور مزید جھیل بڑھنے کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں،علاقے زیر آب آنے لگے اب تک درجنوں رہائشی گھر ایک گاڑی دس موٹر سائیکل سیلابی ریلے کی نذر ہو چکے ہیں، ڈپٹی کمشنرغذر شجاع عالم موقع پر پہنچ گئے اور لوگوں کے جھیل کی جانب جانے سے روکنے کی ہدایات جا ری کردیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔