سنگاپور میں وزیراعظم سمیت ایک تہائی آبادی کا ڈیٹا چوری

ویب ڈیسک  جمعـء 20 جولائی 2018
حملے میں مریضوں کا طبی ریکارڈمحفوظ رہا،فوٹو: فائل

حملے میں مریضوں کا طبی ریکارڈمحفوظ رہا،فوٹو: فائل

سنگاپور میں نامعلوم ہیکرز نے ملک کے وزیراعظم سمیت ایک تہائی آبادی کا ذاتی ڈیٹا چوری کرلیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگاپور میں نامعلوم ہیکرز نے ایک بڑا سائبر حملہ کرکے 15 لاکھ افراد کا ذاتی ڈیٹا حاصل کرلیا، سائبر حملہ  سرکاری ہیلتھ ڈیٹا بیس پر کیا گیا جس میں لاکھوں افراد کی ذاتی معلومات چوری کی گئیں۔

حکومت نے ہیکنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں واضح کیا کہ نامعلوم ہیکرز نے  لوگوں کے ناموں، رہائش گاہوں اور دیگر معلومات چوری کی ہیں تاہم مریضوں کی صحت اور ان کے طبی ریکارڈز اس حملے سے محفوظ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سنگاپور دنیا کا محفوظ ترین ملک قرار

بیان کے مطابق جن افراد کے نام اور رہائشی ایڈریس ہیک ہوئے ان مریضوں نے یکم مئی 2015ء سے 4 جولائی 2018ء کے دوران مختلف طبی مراکز کا دورہ کیا تھا۔

اس منظم سائبر حملے کا ہدف وزیراعظم لی ہسین لونگ کو قرار دیا گیا ہے جو کہ کینسر جیسے موذی مرض میں دو بار مبتلا ہونے کے باوجود حیات ہیں ہیکرز نے کامیاب ہیکنگ میں وزیراعظم کا ڈیٹا بھی چوری کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ سنگاپور دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سرفہرست  ہے جہاں جرائم کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔