فخر زمان کے بیٹ کی ضرب سے کئی ریکارڈز چکنا چور

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 21 جولائی 2018
ون ڈے ڈبل سنچری بنانے والے دنیاکے چھٹے بیٹسمین،زیادہ باؤنڈریزکا بھی اعزاز،پاکستان نے اپنا سب سے بڑااسکور399بنایا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ون ڈے ڈبل سنچری بنانے والے دنیاکے چھٹے بیٹسمین،زیادہ باؤنڈریزکا بھی اعزاز،پاکستان نے اپنا سب سے بڑااسکور399بنایا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

بولاوایو:  فخرزمان کے بیٹ کی ضرب سے کئی ریکارڈز چکناچور ہوگئے۔

چوتھے ون ڈے میں فخر زمان نے زمبابوین بولرز کے چھکے چھڑاتے ہوئے ناقابل شکست 210رنز اسکور کیے، اوپنر ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے چھٹے بیٹسمین بنے،انھوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگزکے ریکارڈ میں سعید انورکو بھی پیچھے چھوڑ دیا،سابق اوپنر1997میں چنئی میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کیخلاف 194 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑے انفرادی اسکور کا ریکارڈ بھارتی روہت شرما کے پاس ہے۔ انھوں نے نومبر 2014 میں کولکتہ کے ایڈن گارڈنزمیں سری لنکا کیخلاف264 کی اننگز کھیلی تھی،اوپنر 2013میں آسٹریلیا کیخلاف 209 اور گذشتہ سال سری لنکا کے مقابل ناقابل شکست 208رنز بناچکے۔

روہت ایک سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں،نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل237، بھارتی وریندر سہواگ 219، ویسٹ انڈین کرس گیل 215، سچن ٹنڈولکر200 کی اننگز کھیل چکے ہیں،ڈبل سنچری کلب میں شامل ہونے والے فخرزمان نے ون ڈے کرکٹ کی پانچویں بڑی اننگز کھیلی۔

بولاوایو میں پاکستان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں سب سے زیادہ رنز کا نیا عالمی ریکارڈ بھی بنایا، فخززمان اور امام الحق نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 304 رنز جوڑے، اس سے قبل طویل ترین اوپننگ شراکت سری لنکن جوڑی سنتھ جے سوریا اور اپل تھارنگا نے لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کیخلاف جون 2006 میں قائم کرتے ہوئے 286 رنز جوڑے تھے، پاکستان کی جانب سے اوپنرز کی سب سے بڑی پارٹنر شپ عمران فرحت اور محمد حفیظ نے زمبابوے کیخلاف ستمبر 2011 میں بنائی تھی، دونوں نے228 رنز جوڑے تھے۔

فخر زمان ون ڈے انٹرنیشنلز میں سب سے کم اننگز میں 200 رنز بنانے والے پہلے بیٹسمین بھی بنے، پاکستانی اوپنر کے سوا ڈبل سنچری بنانے والے تمام 5 بیٹسمینوں نے کم از کم 100 اننگز کے بعد یہ کارنامہ انجام دیا، فخر زمان نے اس کلب میں شامل ہونے کیلیے صرف 17 اننگزکھیلیں۔ روہت شرما اور مارٹن گپٹل 103 ، وریندر سہواگ 234، کرس گیل 261 اور سچن ٹنڈولکر 431 ویں اننگز میں یہ سنگ میل عبور کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

فخر زمان ایک اننگز میں سب سے زیادہ باؤنڈریز لگانے والے پاکستانی بیٹسمین بھی بن گئے،انھوں نے ناقابل شکست 210 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کے دوران 29 مرتبہ گیند کو باؤنڈری لائن کے باہر بھیجا،ان میں 24 چوکے اور 5چھکے شامل تھے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے سابق اوپنر سعید انور کے پاس تھا جب انھوں نے بھارت کے خلاف 194 رنز کی اننگز کے دوران 27 باؤنڈریز لگائی تھیں۔

گزشتہ روز پاکستان نے ون کرکٹ کی تاریخ میں اپنا سب سے بڑا مجموعہ 399حاصل کیا، اس سے قبل گرین شرٹس نے جون 2010میں دمبولا میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش کیخلاف7 وکٹ پر 385 رنز بنائے تھے۔یاد رہے کہ ایک روزہ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا ٹوٹل481گذشتہ ماہ انگلینڈ نے آسٹریلیا کیخلاف ناٹنگھم میں بنایا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔