فخر زمان نے قومی کرکٹرز کے سر فخر سے بلند کر دیے

اسپورٹس ڈیسک / اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 21 جولائی 2018
ٹیسٹ میں بھی آزمایا جائے،وسیم اکرم۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹیسٹ میں بھی آزمایا جائے،وسیم اکرم۔ فوٹو: اے ایف پی

بولاوایو /  لاہور: فخرزمان کی ڈبل سنچری نے قومی کرکٹرز کے سر فخر سے بلند کر دیے۔

کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اوپنر کی فارم کو دیکھتے ہوئے لگ رہا تھا کہ وہی اس سنگ میل کو عبور کرنے میں کامیاب ہونگے۔ شعیب ملک نے کہاکہ یہ بہت بڑا کارنامہ ہے، اوپنر کی کارکردگی پر پوری ٹیم کو فخر ہے،میری خواہش ہے کہ مستقبل میں بھی پاکستانی بیٹسمین اس طرح کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوں،حسن علی اور دیگر نے بھی فخرزمان کی شاندار بیٹنگ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری جانب سابق کرکٹرز نے بھی فخر زمان کو سراہا، وسیم اکرم نے کہاکہ اوپنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی، اب صحیح معنوں میں پاکستان کرکٹ کے جدید دور کی ایک جھلک نظر آنے لگی ہے، فخر زمان، فہیم اشرف، بابر اعظم، شاداب خان اور حسن علی کا زمانہ شروع ہو گیا ہے، انہی نوجوانوں کو پاکستان ٹیم کو آگے لے کر جانا ہے۔ میرا مشورہ ہے کہ فخر زمان کو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی آزما کر ٹیم کے مزاج میں تبدیلی کا آغاز کیا جائے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ سعید انور کے بعد پاکستان کو اب غیرمعمولی صلاحیتوں کا حامل اوپنر ملا، فخر زمان میں ٹیلنٹ بہت ہے،وہ دبائو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، نیچرل کرکٹ کھیلنا ہی ان کی اصل طاقت ہے، ابتدا میں وہ 30، 40 پر وکٹ گنوا دیتے تھے تاہم اب اپنے اسٹروکس چیک کیے، غلطیوں سے سیکھا، 100 رنز بنائے اور اب ڈبل سنچری بھی اپنے نام کے آگے درج کرالی، ان کی اچھی فارم اور اسٹرائیک ریٹ مضبوط حریفوں کے خلاف پاکستان کے میچز میں بھی کام آئیگا۔

علاوہ ازیں لاہور قلندرز میں فخر زمان کے کپتان میک کولم اور سابق کرکٹر شعیب اختر نے بھی شاندار کارکردگی پر فخر زمان کو سراہاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔