عام انتخابات؛ پولنگ اسٹیشنز کے اندر باہر 2،2 فوجی تعینات ہونگے

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 21 جولائی 2018
الیکشن کمیشن کایوسف گیلانی کے بیٹے پرفائرنگ کانوٹس،پریذائیڈانگ افسران ،پولنک ایجنٹس کیلیے ہدایات جاری۔ فوٹو:فائل

الیکشن کمیشن کایوسف گیلانی کے بیٹے پرفائرنگ کانوٹس،پریذائیڈانگ افسران ،پولنک ایجنٹس کیلیے ہدایات جاری۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 25 جولائی کو عام انتخابات کے موقع پر ملک بھر میں پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عملے اور سیکیورٹی اہلکاروںکی تعیناتی کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

ذرائع کے مطابق عام انتخابات کے دوران چار لاکھ 49ہزار465 پولیس اہلکار جبکہ تین لاکھ71 ہزارفوجی جوان تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس دوران 16لاکھ انتخابی عملہ اور دو ہزار720 ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشنزکے اندر اور باہر دو دو فوجی جوان تعینات ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دو لاکھ دو ہزار100پولیس اہلکار،سندھ میں ایک لاکھ599 پولیس اہلکار،خیبرپختونخوا میں87ہزار269، بلوچستان میں 59 ہزار497 پولیس اہلکار انتخابات کے دوران فرائض سرانجام دیں گے۔

انتخابات کے دوران ملک بھر میں16لاکھ انتخابی عملہ ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے گا۔ 85 ہزار307 پریذائیڈنگ افسران ،پانچ لاکھ دس ہزار356اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران اور دو لاکھ55ہزار178پولنگ افسران فرائض سرانجام دیںگے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے دوران ملک بھر میں ضلعی ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کی مجموعی تعداد دو ہزار720ہے۔الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی پر ملتان میں حملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔