لاہور میں قصاب کے بیٹے کی میٹرک بورڈ میں پہلی پوزیشن

شہر بانو نقوی  ہفتہ 21 جولائی 2018
توصیف افضل نے 1091 نمبرز لے کر بورڈ میں ٹاپ کیا ہے فوٹو: بشکریہ شہربانو نقوی

توصیف افضل نے 1091 نمبرز لے کر بورڈ میں ٹاپ کیا ہے فوٹو: بشکریہ شہربانو نقوی

لاہور: طالبعلم توصیف افضل نے قصاب کا بیٹا ہونے کے باوجود میٹرک کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کردیا کہ علم کسی کی میراث نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  لاہور میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے، میٹرک بورڈ میں کامیابی کا تناسب 75 فیصد سے زیادہ رہا جب کہ توصیف افضل نامی نوجوان نے 1091 نمبرز حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

توصیف کو میٹرک میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے پر لاہور بورڈ کی جانب سے ایک لیپ ٹاپ اور 50 ہزار روپے دئیے گئے ہیں۔توصیف کے والد کی دوکان لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن میں ہے۔ توصیف تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا ہے اس سے بڑی دو بہنیں ہیں جن میں سے ایک میڈیکل کی طالبہ ہے اور دوسری ایم بی اے کررہی ہے۔

توصیف کی کامیابی پر اس کی والدہ نے خدا کا شکر اداکرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش نصیب ہوں کہ  میرے تینوں بچے بہت لائق ہیں۔ جب کہ توصیف کے والد نے اپنے بیٹے کی کامیابیوں پر خوش ہوتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیٹے نے ان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

طالبعلم توصیف نے اپنے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سی ایس ایس آفیسر بن کر ملک کانام روشن کرناچاہتا ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میٹرک بورڈ میں کامیابی کا تناسب 75 فیصد سے زیادہ رہا، میٹرک امتحانات میں دولاکھ 34ہزار 671 طالبعلموں نے رجسڑیشن کروائی تھی، جب کہ امتحانات میں دو لاکھ 32 ہزار 46 امیدواران نے شرکت کی، کامیاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 74 ہزار 63 ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔