امریکا کشتی حادثے میں ہلاک 17 افراد میں سے 9 افراد ایک ہی خاندان سے تھے

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 جولائی 2018
میسوری کی جھیل میں حادثے کا شکار کشتی میں 30 افراد سوار تھے۔ فوٹو : فائل

میسوری کی جھیل میں حادثے کا شکار کشتی میں 30 افراد سوار تھے۔ فوٹو : فائل

میسوری: امریکی ریاست میسوری میں کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والوں 17 افراد میں سے 9 کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعرات کے روز امریکی ریاست میسوری کی جھیل ٹیبل راک میں حادثے کا شکار ہونے والی کشی میں سوار 17 افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے جب کہ صرف ایک خاتون کو بچایا جا سکا تھا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد شامل تھے۔ حادثہ کشتی کے کپتان کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے باعث جھیل میں طغیانی آنے سے متعلق پیش گوئی کی تھی جس سے جھیل میں کشتیاں چلانے والی کمپنیوں کو بھی آگاہ کردیا گیا تھا لیکن کوئی حفاظتی اقدام نہیں کیے گئے جب کہ کشتی میں سوار 31 مسافروں کے لیے لائف جیکٹس بھی موجود نہیں تھیں۔ ابھی کشتی نے ایک کلومیٹر فاصلہ طے ہی کیا تھا کہ طوفان کے باعث آنے والی ایک بڑی لہر کے باعث الٹ گئی۔

طوفان کی پیشن گوئی کے باوجود حفاظتی اقدام نہ کرنے پر کمپنی کے خلاف تحقیقات کے لیے ایک تفتیشی کمیٹی مقرر کردی ہے جب کہ تفتیشی رپورٹ آنے تک کمپنی کا لائسنس منسوخ کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔