28 جولائی کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں مکمل چاند گرہن ہوگا

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 جولائی 2018
پاکستانی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 23 منٹ پر چاند گرہن دیکھا جا سکے گا (فوٹو : فائل)

پاکستانی وقت کے مطابق رات 1 بج کر 23 منٹ پر چاند گرہن دیکھا جا سکے گا (فوٹو : فائل)

 کراچی: محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے کہ رواں ماہ 27 اور 28 جولائی کی درمیانی شب کو مکمل چاند گرہن ہوگا۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق  27 اور 28 جولائی کی درمیانی شب 12 بج کر 30 منٹ پر ہونے والا چاند گرہن پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں دیکھا جا سکے گا۔ یہ رواں سال ہونے والا دوسرا چاند گرہن ہے جو یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، افریقا، نارتھ امریکا، اٹلانٹک انڈین اوشین اور انٹارکٹیکا میں بھی دیکھا جا سکے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق 28 جولائی رات 12 بج کر 30 منٹ پر مکمل چاند گرہن ہوگا جسے رات 1 بج کر 23 منٹ پر انتہائی واضح طور پر دیکھا جاسکے گا۔ چاند گرہن کا خاتمہ 28 جولائی کی صبح 4 بج کر 29 منٹ پر ہوگا۔ گرہن کے دوران زمین کا سایہ چاند پر پڑ رہا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ چاند اور زمین دونوں تاریک کُرے ہیں جو سورج سے روشنی حاصل کرتے ہیں۔ چاند اور سورج کے درمیان زمین کے آجانے سے روشنی چاند تک نہیں پہنچ پاتی یوں چاند کو گرہن لگ جاتا ہے۔ گرہن یا سورج گرہن مظاہر قدرت ہیں جن کا نحوست یا برے اثرات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔