وہ بالی ووڈ اسٹارز جن کی مائیں ان کی ڈیبیوفلم نہ دیکھ سکیں

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 جولائی 2018
ڈیبیو فلمیں نہ دیکھنے والی ماؤں کے بچے انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار بن گئے ہیں ۔فوٹو: فائل

ڈیبیو فلمیں نہ دیکھنے والی ماؤں کے بچے انڈسٹری کے مقبول ترین اداکار بن گئے ہیں ۔فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے ہر فنکار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی ڈیبیو فلم دیکھ سکیں لیکن چند فنکاروں کی مائیں ان کی ڈیبیو فلم سے پہلے ہی دنیا فانی سے رخصت ہوگئیں۔ 

بھارتی فلم نگری میں ڈیبیو کرنا ہر اداکار کا خواب ہوتا ہے اور اس کے لیے وہ انتھک محنت کرتے ہیں لیکن انڈسٹری میں موجود فنکاروں کے لیے فلم نگری میں اپنے بچوں کو متعارف کروانا زیادہ مشکل نہیں ہوتا البتہ اس موقع پر ان نئے فنکاروں کو اپنے والدین کی حمایت کی اشد ضرورت ہوتی ہے اور خود وہ بھی اپنے بچوں کی ڈیبیو فلم کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں لیکن کچھ بدقسمت اداکار اور اداکارئیں ایسی بھی گزریں ہیں جن کی ڈیبیو فلم سے پہلے ہی ان کی مائیں انتقال کرگئیں۔

جھانوی کپور

اپنی پہلی ہی فلم ’دھڑک‘ سے فلم انڈسٹری کو متاثر کرنے والی اداکارہ جھانوی کپور نے جب فلم سائن کی تو ان کی ماں آنجہانی ادکارہ سری دیوی زندہ تھیں اور انہوں نے شوٹنگ میں اپنی بیٹی کی رہنمائی بھی کی لیکن بدقسمتی سے وہ اپنی بیٹی کی پہلی فلم نہ دیکھ سکیں اور دبئی کے ایک ہوٹل کے باتھ ٹب میں گرکر انتقال کرگئیں۔

سنجے دت

انڈسٹری میں سنجو بابا کے نام سے پہچانے جانے والے سنجے دت نے اپنے فلم کیریئر میں متعدد کامیاب فلمیں کیں تاہم سنجو کا شمار بھی ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو تمام تر خواہش کے باوجود ڈیبیو فلم اپنی ماں کو نہ دکھاسکے اور اس سے پہلے ہی وہ دنیا سے رخصت ہوگئیں، سنجے دت کی یہ کہانی حال ہی میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’سنجو‘ میں بھی شامل کی گئی ہے۔

ارجن کپور

فلم نگری میں بطور اسسٹنٹ پروڈیوسر سے قدم رکھنے والے ارجن کپور معروف فلمساز و ہدایتکار بونی کپور کی پہلی اہلیہ کے بیٹے ہیں جو اب تک فلم ’عشق زادے، ہاف گرل فرینڈ، غنڈے اور ٹواسٹیٹ سمیت کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں لیکن اُن کی کامیابی کے سفر کی ابتدائی ڈیبیو فلم ’عشق زادے‘ سے ڈیڑھ ماہ قبل ہی اُن کی والدہ مونا شاؤری کپور کینسر کی وجہ سے انتقال کر گئی تھیں۔

شاہ رخ خان

بالی ووڈ میں شہنشاہ رومانس کہلانے والے شاہ رخ خان نے ایک عرصے تک بالی ووڈ پر راج کیا اور اب تک کرتے آرہے ہیں لیکن ان دنوں ان کی فلموں کو وہ کامیابی نہیں مل پارہی، اس کے باوجود انہیں بالی ووڈ کنگ سمجھا جاتا ہے لیکن انڈسٹری میں داخلے سے قبل شاہ رخ خان کے والدین انتقال کرگئے تھے لیکن وہ ہمیشہ کہتے ہیں اُن کی والدہ لطیف فاطمہ خان انہیں سپر اسٹار دیکھنا چاہتی تھیں۔

شوشانتھ  سنگھ راجپوت

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ’ایم ایس دھونی‘ کی زندگی پر بننے والی فلم سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار سوشانت سنگھ راجپوت ’شدھ دیسی رومنس‘، ’پی کے‘ جیسی فلموں میں اداکاری کا جادو جگاچکے ہیں لیکن اُن کے مداح شاید ہی یہ بات جانتے ہوں کہ وہ فلم انڈسٹری میں ڈیبیو کرنے سے قبل چھوٹی اسکرین پر کام کرتے تھے جنہوں نے 16 سال کی عمر میں والدہ کے انتقال کے صدمے کے بعد بھی کامیابی کا سفر جاری رکھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔