سڑکوں پر جہاں یوٹرن ہیں وہاں عمران خان کی تصویر لگانی چاہیے، شہباز شریف

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 جولائی 2018
نواز شریف کی بیٹی کو پرچی کی طاقت سے باہر لے کر آنے کے لیے ہمیں ووٹ دیں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب (فوٹو: فائل)

نواز شریف کی بیٹی کو پرچی کی طاقت سے باہر لے کر آنے کے لیے ہمیں ووٹ دیں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب (فوٹو: فائل)

سرگودھا: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان یوٹرن کے ماہر ہیں اسی لیے سڑکوں پر جہاں یوٹرن ہیں وہاں عمران خان کی تصویر لگادینی چاہیے۔

سرگودھا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر وطن واپس آئے اور باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا گیا، کوئی بھی باپ اپنی بیٹی کو اپنے سامنے گرفتار ہوتا نہیں دیکھ سکتا۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے چیئرمین تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹا، بہتان اور الزام خان دن رات ایک ہی بات کرتا ہے اور پھر بدل دیتا ہے، عمران خان یوٹرن کے ماہر ہیں، اپنی بات سے پھرنے پر ان کا نام یوٹرن پڑ گیا ہے اور سڑکوں پر جہاں بھی یوٹرن ہیں وہاں عمران خان کی تصویر لگانی چاہیے لوگ ان کی تصویر دیکھ کر خود ہی سمجھ جائیں گے کہ یوٹرن لینا ہے۔

شہباز شریف نے اپنی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کہا کہ ہم نے بجلی بنائی، ملک کو ایٹمی قوت بنایا، موٹرویز کے جال بچھائے، ہر ضلع میں مفت ادویات دیں اور اسپتالوں کی شکل بدل دی جب کہ عمران خان نے پشاور اور میٹرو منصوبے کا بیڑہ غرق کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے پشاور میٹرو کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیا اور فراڈ کیا، پشاور میٹرو کا بجٹ 48 ارب سے 68 ارب تک پہنچ گیا، بلیک لسٹ وہ کمپنی ہوتی ہے جو کرپشن کرتی ہے میں کل پشاور میں تھا عمران خان نے پشاور کو کھنڈر بنا دیا ہے، کیا آپ لوگ پنجاب کو بھی پشاور کی طرح تباہ ہوتا دیکھ سکتے ہیں؟

شہباز شریف نے الیکشن جیت کر ملک کو ترکی اور ملائشیا کے برابر ترقی دینے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ 25 تاریخ کو پاکستان کی عظمت کے لیے، غربت کے خاتمے کے لیے اور نواز شریف کی بیٹی کو پرچی کی طاقت سے باہر لے کرآنے کے لیے ہمیں ووٹ دو، الیکشن جیت کر ملک کو ترکی اور ملائیشیا بنا دوں گا، ہندوستان ہم سے آگے نکل گیا اگر موقع دیا گیا تو کئی محاذوں پر ہندوستان کو شکست فاش دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔