پاکستان کی 3 برس بعد انٹرنیشنل فٹبال میں واپسی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 22 جولائی 2018
بحرین کے بدھیا کلب کیخلاف بھرپور مقابلہ کیا، 1-2 سے شکست ہی ہاتھ آئی۔ فوٹو: فائل

بحرین کے بدھیا کلب کیخلاف بھرپور مقابلہ کیا، 1-2 سے شکست ہی ہاتھ آئی۔ فوٹو: فائل

لاہور: تین سال کے طویل عرصے کے بعدپاکستان فٹبال ٹیم دوبارہ انٹرنیشنل مقابلوں میں واپسی کررہی ہے۔

بحرین کے بدھیا کلب کیخلاف پریکٹس میچ میں گرین شرٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست کا سامنا رہا، میچ کے آغاز سے دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اورپہلے ہاف تک ایک، ایک گول کرنے میں کامیاب رہیں تاہم کھیل کے آخری لمحات نے میزبان کلب نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچاکر میچ اپنے نام کیا، پاکستان کی طرف سے واحد گول ریاض نے کیا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ تین سالہ بندش کے بعد پاکستان فٹبال ٹیم بدھ کوبحرین پہنچی،کھلاڑیوں میں وسیم اصغر، عدیل علی ، یوسف احمد، محسن علی، محمد سہیل، ارسلان علی، محمد عمیر، علی خان، محمد ریاض، احسان اللہ، مہدی حسن، شہباز یونس، محمد عثمان، سعد اللہ، فیصل اقبال، محمد احمد، احمد فہیم، محمد عادل، نوید احمد، محمود خان، ، بلاول الرحمان، یوسف اعجاز، صدام حسین، محمد دانیال، عبداللہ قاضی اور حسن بشیر شامل ہیں۔ جوز انٹونیو نوگیرا، جوز رابرٹو پورٹیلا، محمد حبیب، چوہدری نعمان ابراہیم اور محمد اسلم پر مشتمل کوچنگ اسٹاف اور آفیشلز بھی ہمراہ ہیں۔

یاد رہے کہ بحرین کے خلاف پریکٹس میچوں کی سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری رہا جس میں برازیلی کوچ جوز انٹونیو ناگورا اور ٹرینر جوز پورٹیلا پلیئرز کو ٹریننگ دی۔

ادھر ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ بحرین کے خلاف پریکٹس میچوں سے نہ صرف ایشین گیمز کی تیاریوں میں مدد ملے گی بلکہ بنگلہ دیش میں شیڈول ساف گیمز کے لیے بھی کھلاڑی ذہنی اور جسمانی طور پر تیار ہوں گے۔ ایشین گیمز18 اگست سے 2 ستمبر تک انڈونیشا میں شیڈول ہے جبکہ ساف گیمز 4 سے 15 ستمبر تک ڈھاکا میں منعقد ہوں گے۔

پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ دورہ بحرین میں کوچنگ اسٹاف اور کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اور گیم پلان کی آزمائش کا اچھا موقع ملے گا، مستقبل کے چیلنج کو پیش نظر رکھتے ہوئے پلیئرز کی صلاحیتیں نکھارنے کیلیے ہرممکن قدم اٹھانے کیلیے تیار ہیں، امید ہے کہ بحرین میں کھلاڑیوں کو اچھا تجربہ حاصل ہو گا۔صدر فیڈریشن نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم ایشین گیمز اور ساف مقابلے میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوگی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔