سی پیک پر ایسٹ انڈیا کمپنی کے دوسرے روپ کا تاثر رد

بزنس ڈیسک  اتوار 22 جولائی 2018
سیمینارسے جمیل احمد خان،محمداویس،ہمایوں سعید،عزیرارشد،وانگ ژہائی ودیگرکابھی خطاب۔ فوٹو:فائل

سیمینارسے جمیل احمد خان،محمداویس،ہمایوں سعید،عزیرارشد،وانگ ژہائی ودیگرکابھی خطاب۔ فوٹو:فائل

کراچی: سابق گورنرسندھ معین الدین حیدر نے کہا ہے کہ سی پیک پرایسٹ انڈیا کمپنی کے دوسرے روپ کا تاثر غلط ہے، وہ دور چلاگیاکہ کوئی ہمیں ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرز پر غلام بنالے۔

مقامی ہوٹل میں سی پیک بزنس فورم کی جانب سے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک) پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک پاکستان کے حق میں اچھا ہے، سی پیک کو عوام کے ساتھ شیئر کرنے کیلیے حکومت کو جتنی محنت کرنی چاہیے تھی وہ نہ کی گئی، تاہم سی پیک جیسے مضبوط منصوبے سے پاکستانی معیشت میں جان پڑے گی، روزگار کے مواقع ملیں گے۔

سیمینار سے یو اے ای میں پاکستان کے سابق سفیر جمیل احمد خان، محمد اویس، شیخ ہمایوں سعید، گوادر چیمبر کے محمدعزیرارشد، وانگ ژہائی، غلام رسول بلوچ، ڈاکٹر شیر علی رضوی، غزالہ ہمایوں اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ شیخ محمدہمایوں، وین زی، ثاقب فیاض مگوں، خرم اعجازشبیر منشاچھرا، سلطان رحمان اور دیگر بھی موجود تھے۔

معین الدین حیدر نے کہا کہ جو ملک خسارے میں جارہا ہو، غیرضروری امپورٹس ہوں، جوملک معاشی طور پر ڈوب رہا ہو وہاں چین وہ واحد ملک ہے جو 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لایا ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج ٹی وی چینلوں پر فضولیات کی بھرمار ہے، چار لوگوں کو بیٹھا کر آپس میں جھگڑے کرائے جاتے ہیں، اس سے بہتر ہے کہ قوم کو سی پیک کے بارے میں بتایا جائے۔

چیئرمین چائنافیئر پاک چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس وانگ ژہائی نے کہا کہ سی پیک چائنا پاکستان دوستی کا ثمر ہے، اس سے نہ صرف چین اور پاکستان بلکہ سینٹرل ایشیائی ممالک، یورپ، رشیا کو بھی فائدہ ہوگا۔ جمیل احمد خان نے کہا کہ چائنا اکنامک کوریڈور دونوں ممالک کیلیے فائدہ مند ہوگا، گوادر بہترین محل وقوع ہے، سی پیک سے پاکستان کے ہزاروں افراد کو ملازمت کے مواقع ملیں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر، چیئرمین ہمارا پاکستان سوشل فورم ہمایوں سعید نے کہا کہ سی پیک پاکستان کیلیے گیم چینجر ثابت ہوگا اور پاکستان کی ترقی کا زینہ بنے گا۔ محمد اویس نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے پاکستان کی اکانومی کو ترقی ملے گی۔ انہوں نے سی پیک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ گوادر چیمبر کے محمد عزیر ارشد نے کہا کہ گواد میں 3 لاکھ گیلن روزانہ پانی کی فراہمی کے2 پلانٹ لگ رہے ہیں جن کا آغاز ستمبر 2018 میں ہوگا۔

غزالہ ہمایوں نے کہا کہ مجھے سو فیصد یقین ہے کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبہ ہمارے ملک کی تقدیر سنوارے گا، چین کے لوگ زبان کے پکے اور سنجیدہ لوگ ہیں اور وہ اس منصوبے کے لیے تمام شاہراہوں کو خود ہی ڈیولپ کریں گے اس لیے ہمیں اس منصوبے کیلیے کسی قسم کے شبہات رکھنے نہیں چاہئیں۔

ڈاکٹر شیر علی رضوی نے کہا کہ سی پیک پاکستان اور چائنا کے عوام کا منصوبہ ہے کسی سیاسی جماعت کا نہیں اس لیے اس منصوبے کو سیاسی مفادات اور تنازعات سے پاک رکھا جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔