ادائیگیوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے 5 سالہ منصوبہ تیار

ارشاد انصاری  اتوار 22 جولائی 2018
مسودہ رائے لینے کیلیے وزارتوں وڈویژنوں کوارسال،ان پٹ ملنے پربیلنس آف پیمنٹ پلان 2018-23 فائنل کیاجائیگا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

مسودہ رائے لینے کیلیے وزارتوں وڈویژنوں کوارسال،ان پٹ ملنے پربیلنس آف پیمنٹ پلان 2018-23 فائنل کیاجائیگا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ادائیگیوں کے توازن میں خطرناک حد تک بڑھتے ہوئے خسارے کو کنٹرول کرنے کے لیے 5 سالہ منصوبہ 2018-2023 متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت تجارت کے سینئر افسر نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ وزارت تجارت نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت سے 5سالہ بیلنس آف پیمنٹ پلان 2018-2023 کا مسودہ تیار کرلیاہے جس میں آئندہ 5سال کے دوران پاکستان کی ادائیگیوں میں عدم توازن کوکم کرنے کی حکمت عملی تجویز دی گئی ہے۔

پلان کا مسودہ تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کو بھجوا دیا گیا ہے اور وزارتوں و ڈویژنوں سے کہا گیا ہے کہ اس بارے میں اپنی آرا اور ان پٹ دیں تاکہ اس مسودے کو حتمی شکل دے کر منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوایا جاسکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی سال 2017-18کے دوران پاکستان کا تجارتی خسارہ 37ارب64کروڑ50لاکھ ڈالر رہا جو سال 2016-17 میں32ارب48کروڑ80لاکھ ڈالر تھا، اس لحاظ سے صرف ایک سال کے دوران پاکستان کے تجارتی خسارے میں5ارب15کروڑ70لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تجارتی خسارہ جس تیزی سے خطرناک حد کی جانب بڑھ رہا ہے اگر اسے کنٹرول نہ کیا گیا تو یہ ملکی معیشت کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے ملک کے بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کو قابو میں لانے کے لیے یہ 5 سالہ منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا ابتدائی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے اور متعلقہ وزارتوں و ڈویژنوں کی ان پٹ کے بعد اسے حتمی شکل دے کر وفاقی کابینہ کو بھجوایا جائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔