مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ، 3 نوجوان شہید

ویب ڈیسک  اتوار 22 جولائی 2018
قابض بھارتی فوج نے ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ فوٹو : فائل

قابض بھارتی فوج نے ضلع کلگام میں سرچ آپریشن کے دوران کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں فائرنگ کر کے 3 نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ شب سرچ آپریشن کے نام پر بھارتی فوج نے ضلع کلگام کے علاقے قدوانی میں تین نوجوان کشمیریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کے ہاتھوں تینوں کشمیریوں نے جام شہادت نوش کرلیا۔

حریت پسند رہنماؤں یٰسین ملک، میر واعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فوج نے ماورائے عدالت قتل کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ نوجوانوں کو اہل خانہ کے سامنے گرفتار کر کے لے جایا جاتا ہے اور بعد ازاں جعلی مقابلے میں شہید کردیا جاتا ہے۔ بھارتی فوج جھوٹے بیانات سے دنیا کی آنکھ میں دھول نہیں جھونک سکتے۔

دوسری جانب بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ ماورائے عدالت قتل کو پولیس مقابلے کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بھارتی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں نوجوان مسلح تھے اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ دو طرفہ مقابلے کے بعد مارے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔