امریکا میں 21 بھارتیوں کو عمر قید کی سزا

ویب ڈیسک  اتوار 22 جولائی 2018
بھارتی شہریوں نے جعلی کال سینٹر ایجنٹ بن کر امریکیوں کو کروڑوں ڈالر سے محروم کردیا تھا۔ فوٹو : فائل

بھارتی شہریوں نے جعلی کال سینٹر ایجنٹ بن کر امریکیوں کو کروڑوں ڈالر سے محروم کردیا تھا۔ فوٹو : فائل

نیویارک: امریکی عدالت نے کال سینٹر کے ذریعے امریکیوں کو لُوٹنے والے 21 بھارتی شہریوں کو 20 سال قید کی سزا سنادی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں جعلی کال سینٹر سے ہزاروں امریکی شہریوں کو کروڑوں ڈالر سے محروم کرنے والے 21 بھارتیوں کو 20 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے ۔ عدالت نے سزا مکمل کرنے والے ملزمان کو ملک بدر کرنے کا بھی حکم جاری کیا ہے۔ ان ملزمان نے سیکڑوں امریکی عمر رسیدہ افراد اور غیر قانونی تارکین وطن کو بے وقوف بنا کر کروڑوں ڈالرز ہتھیا لیے تھے۔

کال سینٹر کے اہلکار عمر رسیدہ امریکی افراد کو فون کر کے بہلا پھسلا کر صحت اور ماہانہ آمدنی سے متعلق مختلف پیکیجز کی پیشکش کرتے  اور نادہندہ صارفین کو ڈرا دھکما کر رقم کا تقاضہ بھی کرتے ۔ اسی طرح غیر قانونی تارکین وطن کی مجبوری کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے انہیں کنگال کر دیتے۔ اپنے ارادوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ملزمان صارفین کا ڈیٹا ہیک کیا کرتے تھے۔

اس کال سینٹر کا نیٹ ورک امریکا سے بھارت تک پھیلا ہوا تھا جس کے خلاف 2012 سے 2016 تک سیکڑوں شکایات موصول ہوئیں۔ سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائی میں بھارت کے مختلف علاقوں سے متعدد گرفتاریاں کیں، جب کہ امریکا میں بھی 21 بھارتیوں کو حراست میں لیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔