نوازشریف نے ہمیشہ بھارتی مفادات کا تحفظ کیا،عمران خان

ویب ڈیسک  اتوار 22 جولائی 2018
میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے  ادارے تباہ ہوچکے ہیں، عمران خان، فوٹو: فائل

میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے ادارے تباہ ہوچکے ہیں، عمران خان، فوٹو: فائل

 کراچی: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ بھارتی مفادات کا تحفظ کیا اور اب الیکشن میں انہیں شکست نظر آرہی تو کہہ رہے ہیں دھاندلی ہونے والی ہے۔

کراچی کے باغ ِ جناح میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے  کہا کہ دھاندلی کی بات ایک بہت بڑا گیم ہے جس میں سب ساتھ ملے ہیں یہ الیکشن کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور بھارتی میڈیا دھاندلی کا رونا رو رہا ہے، نوازشریف نے فوج کو بار بار بدنام کیا، ڈان لیکس میں بدنام کیا اور پھر  ممبئی حملوں کی ذمہ داری   پاکستانی  اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دی۔

’’نوازشریف نے فوج کو بار بار بدنام کیا‘‘

انہوں نے کہا کہ یہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کو بتارہے ہیں کہ ہم آپ کے آلہ کار ہیں، اب فوج ڈومور نہیں کررہی تو فوج کو بدنام کررہے ہیں  لیکن یہ سن لیں ہمارا ملک اکٹھا ہے اور ہم سب فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اگر فوج و رینجرز نہ ہوتی تو کراچی میں امن کیسے ہوتااس شہر میں رینجرز نے آپریشن کرکےشہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم  کیا، اگر پاک فوج  نہ ہوتی تو ملک کے چار ٹکڑے ہوچکے ہوتے۔

’’اگر پاک فوج  نہ ہوتی تو ملک کے چار ٹکڑے ہوچکے ہوتے‘‘

عمران خان نے کہا کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ ہمارے ملک میں کمزور حکمران چاہتی ہے جن کے پیسے باہرہوں تاکہ وہ انہیں روبوٹ کی طرح چلا سکے لیکن پورے ملک میں ہر جگہ تبدیلی کا شور ہے قوم تبدیلی چاہتی ہے اور پرانی کرپٹ جماعتوں سے آزادی چاہتی ہے۔

’’قوم پرانی کرپٹ جماعتوں سے آزادی چاہتی ہے‘‘

انہوں نے کہا کہ موقع ملا تو حقیقی جمہوریت لا کر دکھائیں گے میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے  ادارے تباہ ہوچکے ہیں جب کہ ہمارے پاس ہر شعبےکے ماہر موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔