نوازشریف سے ایسا سلوک ہورہا ہے جیسے وہ پاکستان کے دشمن ہوں، شہبازشریف

ویب ڈیسک  پير 23 جولائی 2018
حنیف عباسی کے خلاف رات بارہ بجے آنے والے فیصلے نے انصاف کے بارہ بجا دیے، صدر مسلم لیگ (ن) . فوٹو : فائل

حنیف عباسی کے خلاف رات بارہ بجے آنے والے فیصلے نے انصاف کے بارہ بجا دیے، صدر مسلم لیگ (ن) . فوٹو : فائل

ملتان: مسلم لیگ (ن)  کے صدر شہبازشریف کا کہناہے کہ نواز شریف سے ایسا سلوک ہورہا ہے جیسے وہ پاکستان کے دشمن ہوں۔

ملتان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ایسا سلوک ہورہا ہے جیسے وہ پاکستان کے دشمن ہوں لیکن عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر یہ فیصلہ سنا چکا کہ 25 جولائی کو ووٹ کی پرچی نوازشریف اور مریم نواز کو جیل کی سلاخوں سے نکالیں گے اور اگر نیب، صوبائی حکومتوں اور الیکشن کمیشن نے دھاندلی کو فروغ دیا اور ووٹ کا راستہ روکا تو ہر قربانی دے کر پاکستان بچائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے حنیف عباسی کے حوالے سے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حنیف عباسی کے خلاف آنے والے فیصلے سے دنیا کی تاریخ میں انوکھا باب رقم ہوا، رات بارہ بجے آنے والے فیصلے نے انصاف کے بارہ بجا دیے، شیخ چلی کو یقین ہوگیا تھا کہ حنیف عباسی اسے 70 ہزار ووٹوں سے شکست دے گا اس لئے شیخ رشید نے عدالت کا سہارا لیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے چیئرمین تحریک انصاف کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ الزام خان اوربہتان خان کہتا تھا کہ ملتان میٹرو بس منصوبے میں شہباز شریف نے کرپشن کی جب کہ میں نے ہزار مرتبہ چیلنج کیا لیکن الزام خان ثبوت نہ لایا، عمران خان اب تو پنجاب میں تمہاری محبوب حکومت آگئی ہے پھر چیلنج کرتا ہوں کہ ایک دھیلے کی کرپشن نکل آئی تو سیاست چھوڑ دوں گا اگر نہ نکلی تو عمران خان کسی پیر کے پاس جاکر چلہ کاٹیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔