وزیراعظم نے یکساں انرجی ٹیرف پراتفاق کرلیا، وزیر تجارت

خبر ایجنسی  پير 23 جولائی 2018
جنوبی امریکا میں سخت مقابلہ،زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے،لاہورچیمبرمیں خطاب۔ فوٹو: فائل

جنوبی امریکا میں سخت مقابلہ،زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے،لاہورچیمبرمیں خطاب۔ فوٹو: فائل

لاہور: وفاقی وزیر برائے تجارت ٹیکسٹائل انڈسٹریز اور پروڈکشن میاں مصباح الرحمن نے کہا ہے کہ ملک بھر میں توانائی کا یکساں ٹیرف لاگو کرنے کے معاملے پر وزیراعظم سے بات ہوئی اور انہوں نے اس پر اتفاق کیا ہے۔

میاں مصباح الرحمن نے کہا کہ درآمدی گیس کی زیادہ قیمت اور ملک بھر میں گیس کے یکساں ٹیرف کے نفاذ کے متعلق وزیراعظم سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے رواں سال کو ایکسپورٹ ایئر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے نئی منڈیوں پر توجہ دی جارہی ہے جنوبی امریکا میں مقابلہ سخت ہونے کی وجہ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی برآمدات جو پچھلے کئی سالوں سے پریشان کن تھیں ان میں اضافہ اچھی خبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور ترجیحی تجارت کے موجودہ معاہدوں کی تجدید اور نئے معاہدوں پر بھی کام جاری ہے۔

میاں مصباح الرحمن نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جن کی برآمدات کا ساٹھ فیصد سے زائد حصہ ٹیکسٹائل مصنوعات پر مشتمل ہے، ٹیکسٹائل کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں کی برآمدات بڑھانا بھی ضروری ہے۔

لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید نائب صدر ذیشان خلیل میاں محمد اشرف طارق حمید شیخ محمد آصف محمد علی میاں میاں مظفر علی فاروق افتخار سہیل لاشاری امجد علی جاوا شفقت سعید پراچہ ابوذر شاد کاشف انورایگزیکٹو کمیٹی اراکین ڈی جی ٹی او وقار شاہ ڈی جی ٹی ڈیپ محمد ریاض اور دیگر اعلی سرکاری حکام نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔