مخالف کو نا اہل کرو، جیل میں ڈالو اور شیخ رشید کو جتواؤ، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  پير 23 جولائی 2018
 ایسے فیصلوں سے الیکشن کی ساکھ کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے، خورشید شاہ ۔ فوٹو: فائل

ایسے فیصلوں سے الیکشن کی ساکھ کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے، خورشید شاہ ۔ فوٹو: فائل

کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مخالف کو نا اہل کرو، جیل میں ڈالو اور شیخ رشید کو جتواؤ، ان فیصلوں سے الیکشن کی ساکھ کو بہت بڑا نقصان پہنچا۔

ایکپسریس نیوزکے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے حنیف عباسی کو الیکشن میں موقع  دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں سیاستدان ہوں اور مسلم لیگ (ن) سے میرا حد درجہ سیاسی اختلاف ہے لیکن حنیف عباسی کے خلاف جو فیصلہ آیا ہے اس پر مجھے بہت افسوس ہوا، اب عوام میں یہ پیغام گیا ہے کہ شیخ رشید کو جتوانے کے لئے حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ ہوا، مخالف کو نا اہل کرو، جیل میں ڈالو اور شیخ رشید کو جتواؤ، کیوں کہ شیخ رشید اپنی پانچ سال کی قیمت مانگ رہا ہے وہ اسے دو۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ایفی ڈرین کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا

خورشید شاہ کا  کہنا تھا کہ نواز شریف کو بھی الیکشن کے موقع پر سزا دی گئی اور ان کی ضمانت کی درخواست کو بھی انتخابات کے بعد تک ملتوی کردیا گیا، آصف علی زرداری کا پرانا کیس اس وقت نکالتے ہیں جب الیکشن چل رہا ہے، آگے بھی مزید خطرات کا اندیشہ ہے، ایسے فیصلوں سے الیکشن کی ساکھ کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ حنیف عباسی کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کرکے انہیں  اتنخابات میں حصہ لینے کا پورا موقع دیا جائے ورنہ انتخابات کو نقصان ہوگا،  جو بنیادی آئینی حقوق ہیں وہ سب کو ملنے چاہیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔