ماہرہ شاہ رخ خان کے مقابل کام کرنے کے قابل نہیں تھیں، میرا

ویب ڈیسک  بدھ 25 جولائی 2018
میں جب بھارت میں تھی، اس وقت میں پاک بھارت تعلقات کےبارے میں ہمیشہ مثبت اوراچھی باتیں کہتی تھی، میرا فوٹوفائل

میں جب بھارت میں تھی، اس وقت میں پاک بھارت تعلقات کےبارے میں ہمیشہ مثبت اوراچھی باتیں کہتی تھی، میرا فوٹوفائل

ممبئی: پاکستانی اداکارہ میرا نے اداکارہ ماہرہ خان کی کلاس لیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنی فلم میں ماہرہ خان کو کاسٹ کیا لیکن ماہرہ خان اس قابل نہیں تھیں۔

اداکارہ میرا ہمیشہ ہی متنازع اورساتھی اداکاراؤں کے خلاف بیانات دینے کے حوالے سے تنازعات کا شکار ہوجاتی ہیں۔ بالی ووڈ فلموں ’’نظر‘‘اور’’کسک‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی پاکستانی اداکارہ میرا فلم’’سمرن‘‘میں کام کررہی ہیں اور اپنی فلم کو پاکستان اوربھارت دونوں میں ریلیز کرنے کاارادہ رکھتی ہیں لہٰذا میرا اپنی فلم کی ریلیز کے لیے بھارت جانا چاہتی تھیں لیکن انہیں ویزا جاری نہیں کیاگیا۔

میرا ان دنوں دبئی میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ایک بھارتی ویب سائٹ  کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ماہرہ خان کے بھارت کے خلاف دئیے گئے بیان کی وجہ سے دیگر پاکستانی فنکاروں کے لیے بھارتی ویزے کا حصول نہایت مشکل ترین ہوگیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بالی ووڈ ماہرہ کا اب بھی منتظر

اداکارہ میرا نے کہا ان کی فلم’’سمرن‘‘بھارت میں ریلیز کے لیے بالکل تیار ہے لیکن ویزے کی عدم دستیابی کے باعث وہ اپنی فلم وہاں ریلیز نہیں کرسکتیں۔ میرا نے کہا وہ اپنی فلم کی شوٹنگ بھارت میں مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس چلی گئی تھیں اور پھر ماہرہ خان کا بیان سامنے آیاجس کے بعد پاک بھارت تعلقات خراب ہوگئے جس کے باعث پاکستانی فنکاروں کو بھارتی ویزے کا حصول بہت مشکل ہوگیا۔

اداکارہ میرا نےبالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’’رئیس‘‘کے حوالے سے کہا شاہ رخ خان نے اپنی فلم میں ماہرہ خان کو کاسٹ کیا لیکن ماہرہ اس قابل نہیں تھیں، ماہرہ نے فلم میں کام کیا اورپھر انہوں نے بھارت اور پاکستان کے بارے میں  بات چیت شروع کردی۔ میرا نے کہا جب میں بھارت میں کام کرتی تھی، اس وقت میں پاک بھارت تعلقات کے بارے میں ہمیشہ مثبت اوراچھی باتیں کہتی تھی  اور دونوں ممالک کی اچھی چیزوں کو نمایاں کرتی تھی، لیکن ماہرہ خان کی کوئی کلاس نہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مجھے طعنہ دینے والے آج خود بالی ووڈ میں کام کررہے ہیں

اداکارہ میرا نے مزید کہا جب میں بھارتی سفارتخانے گئی اس وقت وہاں موجود لوگوں نے ماہرہ خان کے بیان کے بارے میں بات کی اور کہا ہم آپ کو ویزہ جاری نہیں کرسکتے، میں نےان سے درخواست کی کہ ماہرہ نے جو کچھ کہا اس کی وجہ سے میرا ویزا کیوں روکا جارہا ہے۔ اداکارہ میرا نے شاہ رخ خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ویزا دلوانے میں مدد کی جائے، شاہ رخ خان نے ماہرہ کو اپنی فلم میں تو کاسٹ کرلیا لیکن انہوں نے ماہرہ کو یہ نہیں سیکھایا کہ میڈیا کے سامنے کیسے بات کرنی ہے۔

میرا نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں ماہرہ خان کی غلطیوں پر معافی مانگتی ہوں اور تمام آرٹسٹ اورفنکاروں سے درخواست کرتی ہوں کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو دوستانہ بنائیں۔

واضح رہے کہ فلم’’رئیس‘‘کی ریلیز سے قبل ماہرہ خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ کہتی نظر آرہی تھیں کہ ہمیں انڈیا سے متاثر نہیں ہونا چاہئیے۔ ہم بالی ووڈ نہیں ہیں۔‘‘ حالانکہ یہ ویڈیو 2011 کی تھی لیکن فلم’’رئیس‘‘کی ریلیز سے قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔