علی ظفر نے بہت رہنمائی کی، فلمی سفر کا آغاز شاندار رہا، مایا علی

قیصر افتخار  بدھ 25 جولائ 2018
جب مجھے یہ پتہ چلا کہ میری فلمی دنیا کا سفرعلی ظفرکے ساتھ شروع ہورہا ہے توراتوں کی نیند اڑ گئی تھی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

جب مجھے یہ پتہ چلا کہ میری فلمی دنیا کا سفرعلی ظفرکے ساتھ شروع ہورہا ہے توراتوں کی نیند اڑ گئی تھی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور:  معروف اداکارہ وماڈل مایا علی نے کہا ہے کہ علی ظفر نے فلمی سفر کے آغاز میں ان کی بہت رہنمائی کی۔

’’ایکسپریس ‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے مایا علی نے کہا ہے کہ فلم کے شعبے سے وابستہ ہونے سے پہلے بطورماڈل اوراداکارہ ٹی وی کے ساتھ بہترین کام کرچکی ہوں، جس کی وجہ سے مجھے ایک اچھے اوربڑے بینر کے ساتھ فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔

مایا علی نے کہا کہ جب مجھے یہ پتہ چلا کہ میری فلمی دنیا کا سفرعلی ظفرکے ساتھ شروع ہورہا ہے توراتوں کی نیند اڑ گئی،کیونکہ علی ظفرایک بہت بڑے فنکارہیں اورپھربالی وڈ میں کام کرچکے ہیں  توان کے بارے میں کچھ بھی نہیں پتہ تھا لیکن جب ہم فلم کی شوٹنگ کیلیے سیٹ پرپہنچے توانھوں نے ایک لمحہ بھی مجھے یہ  محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ کتنے بڑے فنکار ہیں۔ انھوں نے دوستانہ ماحول میں میری رہنمائی کی اوردوسری جانب ہدایتکاراحسن رحیم نے بھی مجھے بہت سپورٹ کیا۔ اس لیے میرا فلمی سفرانتہائی شاندار انداز سے شروع ہوا ہے اورپہلے ہی پروجیکٹ کے بعد بہت سی یادیں میرے پاس موجود ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ فلم میں کام کرنے سے پہلے میں یہ سمجھتی تھی کہ یہ شعبہ بھی ٹی وی کی طرح ہی ہوگا اورمجھے زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا  لیکن فلم اورٹی وی میں کام کا فرق بالکل زمین اورآسمان کے فرق  کی طرح ہے۔ میری خوش قسمتی کہہ لیں کہ ایک طرف توعلی ظفرمیرے مدمقابل تھے تودوسری جانب جاوید شیخ اورنیئراعجاز جیسے منجھے ہوئے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ ان سینئرفنکاروں نے میری رہنمائی بھی کی اورہم نے شوٹنگ کے دوران بہترین لمحات گزارے۔

ایک سوال کے جواب میں مایا علی نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری میں اچھے موضوعات پرفلمیں بننے کا رجحان نے مثبت تبدیلی کوفروغ دیا ہے اوراگریہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا توپھروہ وقت دورنہیں جب ہماری فلمیں پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت اوردیگرممالک میں بھی بڑے شوق سے دیکھی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔