ووٹ ڈالنے کیلیے شناختی کارڈ کا حصول، نادرا مراکز پر شہریوں کا رش

اسٹاف رپورٹر  بدھ 25 جولائ 2018
پولنگ کے روز دن 2 بجے تک شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ فوٹو:فائل

پولنگ کے روز دن 2 بجے تک شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ فوٹو:فائل

 کراچی: عام انتخابات سے ایک دن قبل شناختی کارڈ کے جلد حصول کے لیے نادرا کے شہر بھر میں مراکز پر رش رہا جب کہ قومی شناختی کارڈ وصولی کے لیے نادرا کی جانب سے اضافی کلیکشن پوائنٹس قائم کردیے گئے تھے۔

انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے شناختی کارڈ کے حصول کے لیے شہر بھر میں واقع نادرا کے تینوں میگا سینٹرز اور عام مراکز پر منگل کو رش رہا، ریجنل ہیڈکواٹرز نادرا کراچی کی جانب سے اضافی کلیکشن کاؤنٹرز قائم کیے گئے۔

ڈی جی نادرا میر عجم خان درانی کا ایکسپریس سے بات چیت میں کہناتھا کہ عام انتخابات کے دوران پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے شہر کے تینوں میں میگا سینٹرز پر 18 اضافی کلیکشن کاؤنٹرز متحرک کردیے گئے تھے۔ اضافی کلیکشن پوائنٹس 24 گھنٹے تک کام کریں گے اور آج (بدھ) کو عام انتخابات کے روز دن 2 بجے تک مسلسل متحرک رہ کر شہریوں کو سہولت فراہم کریں گے۔

ڈی جی نادرا کے مطابق شہر میں نادرا کے نارمل میگا سینٹرز پر اضافی ملازمین کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ انتخابی عمل کے دوران نادرا کے نارمل سینٹرز صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کام کریں گے جبکہ نارمل سینٹرز کا عام دنوں میں اوقات کار صبح 9 سے شام 5 بجے تک ہے۔

ڈی جی نادرا کا مزید کہنا ہے کہ بن کر آنے والے قومی شناختی کارڈز یومیہ بنیاد پر 10 ہزار سے زاید کی تعداد میں شہریوں کے حوالے کیے جارہے ہیں،گزشتہ 2 روز کے دوران نئے شناختی کارڈ ز کے حصول، تجدید اور متفرق وجوہات کی بنا پر 18ہزار سے زائد درخواستیں وصول کی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔